لائف اسٹائل

92 کے ورلڈ کپ کے بعد ’مولا جٹ‘ پاکستان کیلئے سب سے اچھی چیز ہے، یاسر حسین

اب سے فواد خان پاکستانیوں کے لیے نئے مولا جٹ ہیں، اداکار کی فلم کی تعریفیں۔

اداکار، ہدایت کار اور لکھاری یاسر حسین نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی تعریفیں کرتے ہوئے اسے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کے لیے سب سے اچھی چیز قرار دے دیا۔

یاسر حسین نے انسٹاگرام پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اس سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو کسی کی سپورٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔

انہوں نے فلم کی تمام کاسٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ آج سے پاکستان کے نئے مولا جٹ فواد خان ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستانی سلطان راہی کے بعد کسی اور اداکار کو مولا جٹ کے طور پر تسلیم کرنے کو تیار نہیں تھے لیکن اب سے پاکستان کے نئے مولا جٹ فواد خان ہوں گے۔

انہوں نے فلم کی مرکزی ہیروئن ماہرہ خان کی اداکاری بھی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے کردار کو بھی مشکل ترین قرار دیا تھا۔

ساتھ ہی یاسر حسین نے حمیمہ ملک اور شفقت چیمہ کے کرداروں اور اداکاری کی بھی تعریفیں کیں اور انہوں نے اداکارہ ریشم، بابر علی اور علی عظمت کے کرداروں کو بھی سراہا۔

انہوں نے فلم کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ فلم دیکھتے وقت ایک لمحے کے لیے بھی یہ احساس نہیں ہوتا کہ اپنا موبائل نکال کر دیکھا جائے یا پھر بوریت کی وجہ سے اپنی کرسی سے اٹھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مولا جٹ‘ کے ٹکٹ مہنگے کرنے کے بجائے اسے زیادہ اسکرینز پر دکھایا جائے، سید جبران

یاسر حسین نے لکھا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اتنی شاندار فلم ہے کہ اسے کسی اور کی سپورٹ کی ضرورت نہیں بلکہ سینما والوں کو چلانے کے لیے اس کی ضرورت ہونی چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ بعض سینما مالکان نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، اسے دنیا کی 500 سے زائد سینما اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا۔

یہ پہلی پاکستانی فلم بنی تھی جسے ملک کے بجائے بیرون ممالک کی زیادہ اسکرینز پر دکھایا گیا جب کہ فلم نے ابتدائی پانچ دن میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

یہ پہلی پاکستانی فلم بنی تھیں جنہوں نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے نصف ارب روپے کی کمائی کی۔

فلم کی ہدایات بلال لاشاری نے دی ہیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی مرکزی کاسٹ میں ماہرہ خان، حمیمہ ملک، فواد خان اور حمزہ علی عباسی شامل ہیں۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 50 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹکٹ 200 روپے تک مہنگے فروخت ہونے لگے

’مولا جٹ‘ کے ٹکٹس مہنگے فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، سینما مالکان