کھیل

تیسرا ٹی 20، جنوبی افریقہ نے بھارت کو49 رنز سے شکست دے دی

رائلی روسو کی ناقابل شکست سینچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے 227 رنز بنائے، بھارتی ٹیم 178 رنز پرآؤٹ ہو گی، پریٹوریئس نے 3 وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقہ نے رائلی روسو کی شاندار سینچری کی بدولت تیسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کو 49 رنز سے شکست دے دی تاہم بھارت نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

بھارت کو جیتنے کے لیے 228 رنز کے پہاڑ جیسا ہدف ملا، 19ویں اوور میں بھارت کی پوری ٹیم 178 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پریٹوریئس نے 26 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی 20 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 30 کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھی جب بواما 3 رنز بنا کر یادیو کی گیند پر شرما کو کیچ دے بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: لگاتار دوسری فلائٹ مس کرنے پر ہٹمائر ویسٹ انڈیز کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ

تاہم دوسری وکٹ کے لیے ڈی کوک اور روسو کے درمیان 90 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ڈی کوک 43 گیندوں پر 68 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، انہوں نے سیریز میں مسلسل دوسری نصف سینچری بنائی۔

دوسرے اینڈ سے رائلی روسو نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور8 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی پہلی سینچری صرف 48 گیندوں پر بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے اور بھارت کو جیتنے کے لیے 228 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے پٹیل سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے انہوں نے 4 اوورز میں 49 رنز دیے، چاہار نے 48 اور یادو نے 34 رنز دے کر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کی ٹیم ہدف کے تعاقب کے لیے بیٹنگ کرنے آئی تو اسے شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، رباڈا نے دوسری گیند پر روہت شرما کو بولڈ کر دیا وہ کوئی رن نہ بناسکے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف شکست سے خامیاں عیاں ہونے کے باوجود بابر بہتر کارکردگی کیلئے پُرعزم

شریاس آئیر بھی مزاحمت نہ کرسکے اور ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس موقع پر بھارت 2 کھلاڑی 4 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔

پانچ اوورز کے اختتام تک بھارت کی تیسری وکٹ بھی گر گئی تھی اور اس نے کل 45 رنز بنائے تھے۔

لنگی نگیدی نے جارحانہ نظر آنے والے پنٹ کو 27 رنز پر آؤٹ کرکے ٹی 20 میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں۔

دنیش کارتھک نے بہترین بلے بازی کی تاہم وہ 21 گیندوں پر 46 رنز بنا کر مہاراج کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔

باقی آنے والے دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے تاہم چاہار نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 17 گیندوں پر 31 رنز بناسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ ٹی 20: پاکستان نے بنگلہ دیش کو با آسانی9 وکٹوں سے شکست دے دی

بھارت کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 178 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پریٹوریئس نے 26 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پارنیل، نگیدی اور مہاراج نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

رائلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

12 ربیع الاول: کراچی سمیت سندھ کے 13 اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

پشاور: عمران خان نے کارکنان سے آزادی مارچ سے متعلق حلف لے کر تیار رہنے کی ہدایت کردی

بنگلہ دیش میں بجلی کا بڑا بلیک آؤٹ، 80 فیصد ملک تاریکی میں ڈوب گیا