’جوائے لینڈ‘ پاکستان کی جانب سے ’آسکر‘ کے لیے منتخب
فلمی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ ’آسکر‘ کی پاکستانی کمیٹی نے رواں برس نومبر میں ریلیز ہونے والی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو آسکر کے لیے غیر ملکی فلم کی کیٹیگری کے لیے منتخب کرلیا۔
’آسکر‘ میں غیر ملکی کیٹیگری کی فلم میں ’جوائے لینڈ‘ کا مقابلہ بھارت، برطانیہ، چین، جرمنی، کینیڈا، فرانس اور اسرائیل سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک کی فلموں سے ہوگا۔
پاکستانی کمیٹی ہر سال پاکستان میں ریلیز ہونے والی کسی ایک فلم کو ’غیر ملکی‘ کیٹیگری کے لیے منتخب کرکے ایوارڈ کے لیے بھجواتی ہے اور تاحال اس کیٹیگری میں پاکستان کی کوئی فلم ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ نہیں ہوئی۔
’آسکر‘ کی جانب سے ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان 21 دسمبر 2022 کو کیا جائے گا، جس کے بعد اکیڈمی 24 جنوری کو شارٹ لسٹ ہونے والی فلموں کا اعلان کرے گی اور 12 مارچ 2023 کو 95 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب لاس اینجلس میں منعقد ہوگی۔
رواں برس اگست میں پاکستان کی آسکر کمیٹی نے فلم سازوں کو ایوارڈ کے لیے فلمیں بھیجنے کی دعوت دی تھی اور اب کمیٹی نے ایوارڈ کے لیے فلم ساز صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو منتخب کرلیا۔
کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ متفقہ طور پر ’جوائے لینڈ‘ کو آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ فلم پاکستان کو ایوارڈ دلانے میں کامیاب جائے گی۔
کمیٹی کی جانب سے فلم کو آسکر کے لیے منتخب کیے جانے پر فلم ساز صائم صادق سمیت پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اپوروا گرو چرن نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان
’جوائے لینڈ‘ کو منتخب کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ حال ہی میں فلم کی ٹیم نے اسے رواں برس 18 نومبر کو سینماؤں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
جوائے لینڈ کو ’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔
’جوائے لینڈ‘ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’کوئیر پام‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
علاوہ ازیں مذکورہ فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔
’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔