کھیل

راجر فیڈرر کا اگلے ہفتے لیور کپ کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مستقبل میں ٹینس کھیلتا رہوں گا لیکن گرینڈ سلیمز یا ٹورز کا حصہ نہیں ہوں گا، راجر فیڈرر

سوئٹزرلینڈ کے سابق عالمی نمبر ایک اسٹار راجر فیڈرر نے اگلے ہفتے لندن میں ہونے والے لیور کپ کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق راجر فیڈرر نے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ اگلے ہفتے لیور کپ کے بعد مسابقتی ٹینس سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ومبلڈن اوپن: فیڈرر کو 2002 کے بعد پہلی مرتبہ اسٹریٹ سیٹ میں شکست

سوئس اسٹار 41 سالہ فیڈرر کو ان کے مداح ٹینس کی تاریخ کا بہترین کھلاڑی مانتے ہیں تاہم 20 گرینڈ سلیم جیتنے والے فیڈرر نے گزشتہ برس ویمبلڈن کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا۔

راجر فیڈرر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘جیسا کہ آپ میں سے اکثر جانتے ہیں کہ گزشتہ 3 برس میرے لیے انجریز اور سرجریز کے حوالے سے چیلنجگ تھے’ ۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں نے مکمل فارم کے ساتھ مقابلے میں واپسی کے لیے سخت محنت کی لیکن میں اپنی باڈی کی صلاحیت کے بارے میں بھی جانتا ہوں اور میرے لیے پیغامات بھی واضح رہے، میں اس وقت 41 برس کا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے 24 برسوں میں 1500 سے زائد میچز کھیلے، ٹینس میرے لیے میری سوچ سے بڑھ کر سود مندثابت ہوا اور اب مجھے تسلیم کرنا چاہیے کہ مجھے اپنا کیریئر سمیٹنے کا یہی وقت ہے’۔

فیڈرر نے کہا کہ ‘اگلے ہفتے لندن میں لیور کپ میرا اے ٹی پی کا آخری مقابلہ ہوگا، میں مستقبل میں بالکل مزید ٹینس کھیلوں گا لیکن گرینڈ سلیمز یا ٹور پر نہیں’۔

ویمبلڈن مقابلے میں 2003 میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم جیتنے کے بعد راجر فیڈرر نے ٹینس کی دنیا میں اپنا لوہا منوایا لیکن گزشتہ چند برسوں میں انجریز کے باعث مشکلات کا شکار رہے۔

مزید پڑھیں: فیڈرر ٹینس کی تاریخ کے عمر رسیدہ عالمی نمبر ایک بن گئے

شہرہ آفاق کھلاڑی کو گزشتہ دو برسوں کے دوران 3 دفعہ گھٹنے کا آپریشن کروانا پڑا اور ان کا آخری مقابلہ 2021 کے ویمبلڈن میں پولینڈ کے ہوبرٹ ہورکاز سے تھا جہاں انہیں کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

راجر فیڈرر پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ وہ لندن میں لیور کپ کے لیے طویل عرصے تک حریف رہنے والے دوست رافیل نڈال کے ساتھ ڈبلز میں ایک ٹیم بن کر واپسی کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے اپنے ہوم گراؤنڈ باسل میں سوئس انڈور ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔

گلوکار آر کیلی ’چائلڈ پورنوگرافی‘ کے مجرم قرار

ٹی 20 ورلڈ کپ: روایتی حریفوں پاک ۔ بھارت میچ کی تمام ٹکٹس فروخت

پیمرا نے 'اے آر وائی نیوز، بول نیوز' کی نشریات 3 روز کیلئے معطل کردی