یہ نہیں کہا تھا ماہرہ خان ’بوڑھی‘ ہوچکیں، کہا تھا وہ ہیروئن اچھی نہیں لگتیں، فردوس جمال
سینیئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر ماضی میں ماہرہ خان سے متعلق دیے گئے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ کبھی نہیں کہا تھا کہ وہ ’بوڑھی‘ ہوچکیں بلکہ انہوں نے صرف یہ کہا تھا کہ وہ ہیروئن اچھی نہیں لگتیں۔
فردوس جمال نے پہلی بار جولائی 2019 میں ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ ماہرہ خان نہ تو اچھی اداکارہ ہیں اور نہ ہی وہ ہیروئن بن سکتی ہیں، اس لیے انہیں اب فلموں میں والدہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
فردوس جمال نے ماہرہ خان سے متعلق گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا تھا کہ شاید ماہرہ خان کی عمر زیادہ ہوگئی ہے، اس لیے اب انہیں فلموں میں ہیروئن کے بجائے ماں کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بعد ازاں ماہرہ خان نے بھی فردوس جمال کی تنقید پر بھی جواب دیا تھا جب کہ خود فردوس جمال نے بھی ایک اور پروگرام میں اعتراف کیا تھا کہ ان کی جانب سے اداکارہ کے لیے کہے گئے الفاظ سخت تھے۔
اب انہوں نے احمد بٹ کے شو میں ماہرہ خان پر کی جانے والی تنقید سے متعلق مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اداکارہ کو ’بوڑھا‘ نہیں کہا۔
فردوس جمال کے مطابق انہوں نے ماہرہ خان کو مشورہ دیا تھاکہ اداکارہ کو کرداروں پر مبنی کردار ادا کرنے چاہیے،
سینیئر اداکار کا کہنا تھا کہ چوں کہ ہیروئن کم عمر کی لڑکیاں ہوتی ہیں اور ماہرہ خان اب عورت بن چکی ہیں، اس لیے انہیں ہیروئن کے طور پر نہیں بلکہ ایک عورت کے ناتے دوسرے کردار ادا کرنے چاہیے۔
فردوس جمال کے مطابق اب جیسے وہ اگر ہیرو کے طور پر آئیں گے تو اچھے نہیں لگیں گے، اسی طرح ماہرہ خان بھی اب ہیروئن کے طور پر اچھی نہیں لگیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی تجویز کا یہ مطلب نہیں ہےکہ ماہرہ خان بہت عمر رسیدہ ہوچکی ہیں اور نہ ہی انہوں نے ایسا کبھی کہا تھا کہ وہ ’بوڑھی‘ ہوچکی ہیں بلکہ انہوں نے صرف یہ کہا تھا کہ اداکارہ کو عورتوں والے کردار کرنے چاہیے۔