کھیل

ایشیا کپ: فائنل سے قبل سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سےشکست دے دی

پاکستان کی پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہوئی، سری لنکا نے پاتھم نسانکا کی نصف سنچری کی بدولت ہدف 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔

ایشیا کپ 2022 کے فائنل سے قبل سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے شان دار باؤلنگ کے بعد پاتھم نسانکا کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلے اوور میں 11 رنز بنائے، جس میں کپتان کا ایک چوکا بھی شامل تھا۔

دوسرے اوور میں 8 رنز کا اضافہ ہوا تاہم کوئی باؤنڈری نہیں ملی اور اسکور بغیر کسی نقصان 19 رنز تک پہنچ گیا۔

محمد رضوان نے چوتھے اوورز کی تیسری گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئے اور گیند وکٹ کیپر مینڈس کے ہاتھوں میں چلی گئی اور یوں پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، اس وقت پاکستان کا اسکور 28 رنز تھا۔

فخر زمان دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور کپتان کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا، انہیں ساتویں اوور میں مشکل ہوسکتی تھی کیونکہ گیند وکٹ سے ٹکرائی لیکن کوئی اثر نہیں پڑا اور وہ محفوظ رہے۔

سری لنکا کے باؤلرز اور فیلڈرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے پاکستانی بلےبازوں کو محدود رکھا اور 10 ویں اوور کی دوسری گیند پر فخر زمان کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔

فخرزمان نے 18 گیندوں کا سامنا کرکے صرف 13 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا شامل تھا۔

بابراعظم 29 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکسان کا اسکور 68 رنز تھا، انہیں ہسارنگا ڈی سلوا نے بولڈ کردیا۔

افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی شراکت 14 رنز پر اختتام پذیر ہوئی جب خوشدل شاہ 14 ویں اوور میں 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد نے 15 ویں اوور میں ہسارنگا ڈی سلوا کو ایک چھکا رسید کیا لیکن اگلی ہی گیند پر وکٹیں بچانے میں ناکام ہوئے، اگلی ہی گیند پر نئے بلےباز آصف علی کو بھی بولڈ کردیا اور پاکستان کی چھٹی وکٹ گرادی۔

ایشیا کپ 2022 میں پہلی دفعہ موقع حاصل کرنے والے حسن علی نے 2 گیندوں کا سامنا کیا اور کھاتہ کھولے بغیر تھکشانا کی وکٹ بن گئے اور پاکستان نے 100 رنز مکمل کرنے سے پہلے 7 وکٹیں گنوا بیٹھا۔

عثمان قادر 3 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے، انہیں تھیکشانا نے نسانکاکے ہاتھوں کیچ کرایا۔

محمد نواز نے ایک مرتبہ پھر مشکل وقت میں پاکستان کی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچانے کی بھرپور کوشش کی اور 26 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔

آخری اوور میں حارث رؤف کا ساتھ دینے کے لیے محمد حسنین وکٹ پر آئے تاہم حارث رؤف پہلی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کے ہسارنگا ڈی سلوا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، مہیش تھکشانا اور پہلا میچ کھیلنے والے پرامود مودوشان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد حسنین نے پہلے ہی اوور میں خطرناک بلے باز کوشل مینڈس کو آؤٹ کرکے اچھی بنیاد رکھی۔

حارث رؤف دوسرا اوور کرانے آئے اور باؤلنگ کے سازگار وکٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دانوشکا گوناتھیلاکا کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، اس وقت سری لنکا نے صرف 2 رنزبنائے تھے۔

حارث رؤف نے پاکستان کو تیسری کامیابی بھی دلائی۔

عثمان قادر نے 12 ویں اوور میں بھانوکا راجاپکسا کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 19 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے تھے۔

کپتان داسن شناکا 21 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے، محمد حسنین نے انہیں آؤٹ کیا۔

سری لنکا نے 17 اوورز میں 5 وکٹوں پر 124رنز بنا کر باآسانی 5 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

اوپنر پاتھم نسانکا نے ناقابل شکست 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد حسنین نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹاس جیت کر خوشی ہے اور فائنل سے قبل پاکستان سے میچ اچھا شگون ہے۔

انہوں نے کہا کہ میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی باؤلنگ کرتے اور ٹیم میں شاداب اور نسیم شاہ کو آرام کا موقع دیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخرزمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، عثمان قادر، محمد نواز، حسن علی، حارث رؤف، محمد حسنین

سری لنکا: داسن شناکا (کپتان)، دانوشکا گوناتھیکالا، پاتھم نیسانکا، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، دھنانجیا ڈی سلوا، بھانوکا راجاپکسے، وانیندو ہسارنگا ڈی سلوا، چمیکا کارونارتنے، مہیش تھیکشانا، مہیش تھیکشانا، دلشان مادشانکا

امپورٹڈ حکومت، ہینڈلرز 'مائنس ون' فارمولے پر کام کر رہے ہیں، عمران خان

کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی

بھارت، چین کی افواج کا 12 ستمبر تک متنازع سرحدی علاقے سے انخلا ہوگا، بھارتی وزارت خارجہ