کھیل

شاہین شاہ آفریدی انجری سے بحالی کیلئے دبئی سے لندن روانہ ہوں گے

لندن میں شاہین شاہ آفریدی پی سی بی کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی نگرانی میں رہیں گے، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی آج لندن کے لیے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ انجری سے بحالی مکمل کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بورڈ کے میڈیکل افسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو ماہر ڈاکٹر کی نگرانی کی ضرورت ہے اور لندن دنیا میں کھیلوں کے طبی اور بحالی کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں، لہٰذا کھلاڑی کے بہترین مفاد میں ہم نے انہیں وہاں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شاہین آفریدی ایشیا کپ سے باہر

انہوں نے کہا کہ لندن میں علاج کے دوران میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر ان کی بحالی سے معلومات اور فیڈبیک فراہم کی جائیں گی اور ہم پرامید ہیں کہ ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل شاہین شاہ آفریدی مکمل طور پر صحت یاب ہوجائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق لندن میں رہتے ہوئے شاہین آفریدی پی سی بی کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی نگرانی میں رہیں گے، جس میں لندن میں مقیم ڈاکٹرامتیازاحمد اور ڈاکٹرظفراقبال بھی شامل ہیں۔

پی سی بی نے بتایا کہ ڈاکٹر امتیاز2016 سے کوئنز پارک رینجرز فٹ بال کلب میں میڈیکل سروسز کے سربراہ ہیں جبکہ ڈاکٹر ظفر2015 سے کرسٹل پیلس فٹ بال کلب میں اسپورٹس میڈیسن کے سربراہ ہیں جو پہلے ٹوٹنہم ہاٹ پور ایف سی، لیورپول ایف سی اور کینٹ کاؤنٹی کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کے سبب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں معمولی زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے بھی باہر ہوگئے اور توقع ہے کہ نومبر میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ تک ٹیم میں واپس آئیں گے۔

ورلڈ کپ فاتح، اولمپک چمپیئن ہاکی لیجنڈ منظور حسین انتقال کرگئے

سائبر سیکیورٹی کی خامیوں کے باعث ایس ای سی پی کا ڈیٹا چوری ہوا، رپورٹ

حنا الطاف کی سیلاب متاثرہ خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز عطیہ کرنے کی اپیل