رنویر سنگھ پر برہنہ فوٹوشوٹ کے ذریعے خواتین کے جذبات مجروح کرنے کا الزام
بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ حال ہی میں کرائے گئے عریاں فوٹوشوٹ کی وجہ سے مشکلات میں پڑگئے اور ایک سماجی ادارے نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے لیے پولیس میں شکایت درج کروادی۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں خبر رساں ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رنویر سنگھ کے خلاف بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی ایک نان گورنمنٹ آرگنائیزیشن (این جی او) نے پولیس کو مقدمہ دائر کرنے کی درخواست جمع کرادی۔
رپورٹ کے مطابق این جی او نے ممبئی کے تھانے میں رنویر سنگھ کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ سمیت تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی ہے۔
فلاحی تنظیم نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ رنویر سنگھ نے عریاں فوٹوشوٹ کے ذریعے خواتین کے جذبات مجروح کیے ہیں اور یہ غیر اخلاقی کام کے دائرے میں بھی آتا ہے۔
این جی او نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف مختلف قوانین کے تحت مقدمہ دائر کرکے کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب پولیس نے بھی این جی او کی جانب سے رنویر سنگھ کے خلاف دی گئی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فوری طور پر اداکار کے خلاف مقدمہ دائر نہیں کیا گیا۔
پولیس افسر کے مطابق پولیس نے این جی او کی جانب سے دائر کردہ الزامات اور اس کی جانب سے دیے گئے قوانین کے حوالات کے مطابق رنویر سنگھ کے خلاف تفتیش شروع کردی۔
پولیس نے تصدیق کی کہ تفتیش مکمل ہونے اور قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے کے بعد ہی اداکار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
دوسری جانب انڈیا ٹائمز نے بتایا کہ برہنہ فوٹوشوٹ کے بعد رنویر سنگھ کے خلاف ریاست مدھیاپردیش کے شہر اندور سمیت دیگر شہروں میں بھی مظاہرے شروع ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنویر سنگھ کے عریاں فوٹوشوٹ کے بعد جہاں لوگوں نے سوشل میڈیا پر سخت رد عمل کا اظہار کیا، وہیں شہروں میں اداکار کے خلاف بینر بھی آویزاں کردیے گئے۔
علاوہ ازیں رنویر سنگھ کے فوٹوشوٹ پر بولی وڈ شخصیات نے بھی ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے، بعض اداکارائوں کے مطابق اگر کوئی اداکارہ اس طرح کا فوٹوشوٹ کرواتی تو اسے قتل کی دھمکیاں دی جاتیں۔
رنویر سنگھ نے گزشتہ ہفتے ایک فیشن میگزین کے لیے تقریبا برہنہ فوٹوشوٹ کروایا تھا، جس پر لوگوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔