لائف اسٹائل

فحش جملے اور مناظر نکالنے کے بعد ‘لفنگے’ کو ریلیز کی اجازت

وفاقی فلم سینسر بورڈ سی بی ایف سی نے فحش جملوں اور جنسی اشاروں کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ’لفنگے‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔

پاکستان بورڈ آف فلم سینسرز (سی بی ایف سی) سمیت ملک کے تمام فلم سینسر بورڈز نے آنے والی فلم ‘لفنگے’ سے فحش جملے اور مناظر نکالنے کے بعد اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کی اجازت دے دی۔

وفاقی فلم سینسر بورڈ سی بی ایف سی نے فحش جملوں اور جنسی اشاروں کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ‘لفنگے’ کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔

سمیع خان، مانی، سلیم معراج اور مبین گبول کی فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جون کے آخر میں ریلیز کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فحش جملوں اور اشاروں کے باعث ‘لفنگے’ پر پابندی عائد

ہارر کامیڈی فلم کی کہانی 4 ایسے نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جن کے خواب بڑے ہوتے ہیں مگر وہ ان کی تکمیل کا طریقہ نہیں جانتے۔

جاری کیے گئے ٹریلر میں بعض ذو معنی جملے، فحش ڈائلاگ اور نامناسب اشارے بھی دکھائے گئے تھے، جس وجہ سے فلم سینسر بورڈ نے اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔

مرکزی فلم سینسر بورڈ نے ‘لفنگے’ پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ فلم کی ٹیم کے پاس فل بورڈ کے پاس اپیل کرنے کا حق ہوگا، جس کے بعد فلم کی ٹیم نے اسے ریلیز کرنے کے لیے فل بورڈ کے سامنے درخواست دائر کی تھی۔

فلم بورڈ میں مرکزی فلم سینسر سمیت صوبائی فلم سینسر بورڈ کے سینیئر ارکان شامل ہوتے ہیں، جنہوں نے ‘لفنگے’ کی ٹیم کی دخواست کا جائزہ لے کر فلم سے فحش جملے اور نامناسب اشارے نکالنے کی شرط پر اسے ریلیز کی اجازت دی۔

فلم کے مرکزی اداکار سمیع خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ‘لفنگے’ کو تمام فلم سینسر بورڈز نے ریلیز کی اجازت دے دی، جس کے بعد اب فلم کو اعلان کردہ شیڈول کے مطابق عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کے دوسرے مرکزی اداکار سلمان شیخ المعروف مانی نے بھی فلم سے پابندی ہٹائے جانے کی تصدیق کی اور انہوں نے جاری کردہ مختصر ویڈیو میں بتایا کہ فلم سینسر بورڈز کی ہدایات کے مطابق ڈائلاگ اور مناظر نکال دیے گئے اور اب فلم کو عید پر پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اب اہل خانہ کے ہمراہ عید قرباں کے موقع پر سینماؤں میں آکر ان کی فلم دیکھیں۔

‘لفگنے’ کے ساتھ عید الاضحیٰ پر مہوش حیات، کبریٰ خان اور ہمایوں سعید کی فلم ‘لندن نہیں جاؤں گا’ اور ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی فلم ‘قائد اعظم زندہ باد’ بھی ریلیز ہوں گی۔

عید الاضحیٰ پر کونسی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی؟

سونیا حسین، سمیع خان اور ’لفنگے‘

دو سال بعد اس عید پر فلمیں ریلیز ہوں گی