لائف اسٹائل

انتظار ختم، ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو بھی عید الاضحٰی پر ریلیز کرنے کا اعلان

فلم کی آخری شوٹنگ ترکی اور لندن میں مکمل کرنے کے بعد اب فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

طویل تاخیر اور انتظار کے بعد بالآخر ہمایوں سعید، مہوش حیات اور کبریٰ خان کے ٹرائی اینگل پیار کی کہانی کے گرد بنی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو گزشتہ برس ریلیز کیے جانے کا امکان تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث جہاں اس کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی،وہیں اس کی ریلیز بھی ملتوی کردی گئی تھی۔

رواں برس فلم کی آخری شوٹنگ ترکی اور لندن میں مکمل کرنے کے بعد اب فلم کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہمایوں سعید اور مہوش کی رومانوی کہانی

’اے آر وائے فلمز‘ کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم کو ہمایوں سعید، سلمان اقبال سمیت چار افراد نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اس کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے۔

ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم میں ہمایوں سعید، مہوش حیات اور کبریٰ خان کو مرکزی کرداروں میں دکھایا گیا ہے اور ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی ان تینوں افراد کی محبت کے گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ کبریٰ خان فلم میں ہمایوں سعید سے جب کہ وہ مہوش حیات سے محبت کر بیٹھتے ہیں مگر مہوش حیات ان سے محبت کرنے کو تیار نہیں ہوتی۔

ٹریلر کو دیکھ کر معلوم ہوتاہے کہ مہوش حیات اہل خانہ کے ہمراہ لندن میں رہتی ہیں مگر جب وہ پاکستان آتی ہیں تو ہمایوں سعید ان سے محبت کرنے لگتا ہے اور پھر مہوش حیات واپس لندن چلی جاتی ہیں، جسے اپنانے کے لیے ہمایوں سعید بھی واسع چوہدری کے ہمراہ پنجاب سے لندن پہنچنتے ہیں۔

مزید پڑھیں:’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو ترکی میں ریلیز کیے جانے کا امکان

فلم کی دیگر کاسٹ میں سہیل احمد اور صبا حمید بھی شامل ہیں اور فلم میں متعدد پنجابی رومانوی گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ لندن اور ترکی کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کی گئی تھی اور ہمایوں سعید کو پنجابی نسل کے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی رومانوی فلم ’پنجاب نہیں جاوٗں گی‘ کا سیکوئل نہیں بلکہ یہ ایک مختلف فلم ہے، تاہم دونوں کے موضوع ملتے جلتے ہیں۔

بجٹ کے بعد ڈالر 204 روپے کی تاریخی بلندی پر، اسٹاک مارکیٹ میں بھی 1100 پوائنٹس سے زائد کی کمی

پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر نے آسٹریلین حریف کو شکست دے دی

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمات: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع