عامر خان سے ڈاکو پونے 2 کروڑ مالیت کی گھڑی چھین کر فرار
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ڈاکو ہتھیاروں کے زور پر برطانوی دارالحکومت لندن میں پونے دو کروڑ روپے کی قیمتی گھڑی چھین کر فرار ہوگئے۔
عامر خان نے 18 اپریل کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ڈکؤوں نے انہیں لندن کے پوش علاقے میں ہتھیاروں کے زور پر یرغمال بناکر ان سے گھڑی چھینی۔
سابق باکسر کے مطابق وہ اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ وہاں گئے تھے مگر اچھی بات یہ ہے کہ جب انہیں لوٹا گیا تب ان کی اہلیہ ان سے کچھ قدم پیچھی تھیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں گھڑی کی مالیت نہیں بتائی اور اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ وہ اور ان کی اہلیہ محفوظ رہے۔
عامر خان کو لوٹے جانے کے حوالے سے برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ان سے لوٹی گئی گھڑی کی رقم 72 ہزار پاؤںڈ یعنی پاکستانی تقریبا دو کروڑ روپے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عامر خان کی گھڑی میں 719 ہیرے جڑے ہوئے تھے جب کہ اس میں سونا بھی جڑا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:عامر خان کا کیل بروک سے بری طرح شکست کے بعد ریٹائرمنٹ پر غور
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی نژاد باکسر کی گھڑی کی مالیت پونے دو کروڑ روپے تھی، جس کے چھن جانے کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت بھی درج کروادی اور میٹروپولیٹن پولیس نے معاملے کی تفتیش بھی شروع کردی۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق انہیں 18 اپریل کو لندن میں ایک شخص سے دو افراد کی جانب سے ہتھیاروں کے زور پر گھڑی چھین جانے کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس کے بعد تفتیش شروع کردی گئی۔
مذکورہ واقعے سے قبل بھی عامر خان کے ساتھ چھینا جھپٹی اور لوٹ مار کے واقعات ہو چکے ہیں، 2012 میں بھی ڈاکوؤں نے لندن میں ان سے تقریبا ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی قیمت کار چھیننے کی کوشش کی تھی۔
عامر خان کو مہنگی اور پرتعیش گھڑیاں اور گاڑیاں رکھنے کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد شہرت حاصل ہے، ان کے حوالے سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کے پاس متعدد مہنگی کاریں اور گھڑیاں ہیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔