لائف اسٹائل

صائم صادق کی فلم ’کانز‘ فیسٹیول کے لیے منتخب

ٹرانس جینڈر کردار پر بنائی گئی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو آئندہ ماہ ہونے والے فلم فیسٹیول میں دکھایا جائے گا۔

پاکستانی ہدایت کار، لکھاری و اداکار صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کو فرانس میں ہونے والے دنیا کے قدیم ترین فلم فیسٹیولز میں سے ایک ’کانز‘ میں پیش کرنے کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

صائم صادق نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کو کانز فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنی فلم کو شارٹ لسٹ کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں بھی ان کی فلم ’ڈارلنگ‘ کو کانز فلم فسیٹیول میں پیش کیا گیا تھا۔

فلم کی کہانی بتانے سے گریز کرتے ہوئے صائم صادق نے کہا کہ وہ جلد ہی فلم کے پوسٹرز اور مختصر ٹیزر جاری کریں گے۔

’جوائے لینڈ‘ کے حوالے سے ’انڈی وائر‘ نے بتایا کہ اس کی کہانی ایک مخنث کردار کے گرد گھومتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صائم صادق کی 2019 کی مختلف فلم ’ڈارلنگ‘ بھی مخنث افراد کی زندگی پر بنائی گئی تھی، جسے کانز کے علاوہ وینس اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا۔

صائم صادق کی فلم کو کانز کے لیے منتخب کیے جانے پر متعدد شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور کانز کی ٹوئٹ کو بھی متعدد شخصیات نے ری ٹوئٹ کیا۔

صائم صادق کو ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے سمیت دیگر فلم سازوں اور اداکاروں نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صائم صادق کے علاوہ اس بار کانز فلم فیسٹیول کے لیے متعدد مسلم اور عرب ممالک کی اچھوتے موضوعات پر بنائی گئیں فلموں کو بھی پیش کیا جائے گا۔

اس سال 75 ویں کانز فلم فیسٹیول کا آغاز آئندہ ماہ مئی کے وسط میں ہونے کا امکان ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

کانز فلم فیسٹیول کو دنیا کے پرانے اور معتبر ترین فلم فیسٹیول میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر کی اداکارائیں فیشن کے جلوے دکھانے کے لیے پہنچتی ہیں۔

پاکستانی فلم کانز میلے میں

پاکستانی مختصر فلم 'بینچ' کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پیش

پاکستانی شارٹ فلم ’ڈارلنگ‘ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں جگہ بنانے میں کامیاب