آسٹریلیا کا ورلڈ کپ ہیرو مچل مارش پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز سے باہر
آسٹریلیا کو ٹی20 میں پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن بنانے والے اسٹار کھلاڑی مچل مارش ون ڈے کرکٹ کے ورلڈ کپ میں جگہ پکی کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف اہم ایک روزہ سیریز سے باہر ہوگئے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز 13 ٹیموں کی ون ڈے انٹرنیشنل سپر لیگ کا حصہ ہے، جس کے ہر میچ کے 10 پوائنٹس ہیں جبکہ سرفہرست 7 ٹیمیں اگلے برس شیڈول ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔
مزید پڑھیں: انجری کے سبب اسمتھ پاکستان کےخلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز سے باہر
آسٹریلیا اور پاکستان نے شیڈول 8 سیزیر میں سے اب تک صرف 3 کھیلی ہیں، جس کے مطابق دونوں ٹیمیں بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں۔
بھارت نےمیزبان کی حیثیت سے ورلڈ کپ کے لیے پہلے کوالیفائی کرلیا ہے۔
پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم پہلے ہی اہم کھلاڑیوں ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور اسٹیون اسمتھ سے محروم ہوچکی ہے۔
مختصر طرز کرکٹ سیریز سے باہر ہونے والے پانچوں سینئر کھلاڑی پاکستان کا 24 سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے، جو ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔مہمان ٹیم اب مچل مارش جیسے آل راؤنڈر سے محروم ہوگئی ہے، جنہوں نے گزشتہ برس نومبر میں ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی ٹیم کے ہیرو تھے۔
آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے خدشہ ظاہر کیا کہ 30 سالہ مارش پوری سیریز سے باہر ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مچل مارش اتوار کو ٹریننگ کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے لیے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز 'چیلنج' ہے، آسٹریلوی لیگ اسپنر
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی اپنانی پڑے گی لیکن کل کی ان کی حالت دیکھ کر میں نہیں سمجھتا کہ وہ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ایرون فنچ نے امید کا اظہار کیا کہ سین ایبٹ، بین ڈوارشوئس، ناتھن ایلیس، جوش انگلیس اور بین مک ڈیرموٹ جیسے نئے کھلاڑی ناتجربہ کاری کے باوجود ابھر کر سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے اسکواڈ کو بہترین بنانے اور کھلاڑیوں کو تجربہ ملے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم 2002 سے اب تک آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز نہیں جیت سکی، آسٹریلیا نے 11 میں سے 8 میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار اوپنر فخر زمان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم سیریز میں زیادہ سے زیاہ 30 پوائنٹ پر رکھی ہوئی ہے۔
مہمان ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں چند بڑے نام شامل نہیں ہیں اس سے فرق پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن یہ بین الاقوامی ٹیم ہے اور ہم ان کو آسان نہیں لے رہے ہیں کیونکہ آسٹریلیا کی ٹیم کسی بھی صورت میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے مشہور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کپتان کہہ چکے ہیں کہ جو ٹیسٹ سیریز میں ہوا وہ ماضی کا حصہ ہے، یہ نئی سیریز ہے اور ہم جیتنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے، ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مختصر طرز کرکٹ کی سیریز کے مچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:
پاکستان: بابراعظم (کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، آصف آفریدی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، زاہد محومد، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر
آسٹریلیا: ایرون فنچ (کپتان)، سین ایبٹ، ایشٹن ایگر، جیسن بہتریندروف، الیکس کیری، بین ڈیوارشوئس، ناتھ ایلیس، کیمرون گرین، ٹریویس ہیڈ، جوش اینگلیس، مارنو لبوشانے، بین مک ڈرموٹ، مارکوس اسٹوئنس، مچل سویپسن، ایڈم زیمپا
امپائرز: علیم ڈار، آصف یعقوب
ٹی وی امپائر: احسن رضا، میچ ریفری: محمد جاوید ملک