سجل اور احد رضا کی طلاق کی افواہیں: شوبز شخصیات کی لوگوں کو اپیل
اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان طلاق ہوجانے کی افواہیں وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے لوگوں کو اپیل کی ہے کہ وہ اداکاروں کو ان کے حال پر چھوڑ کر ان کی ذاتی زندگی پر تبصرے نہ کریں۔
دونوں نے طلاق کی خبروں پر کوئی وضاحت نہیں اور گزشتہ تین دن سے سوشل میڈیا پر ان کی شادی ختم ہوجانے کا ٹرینڈ ٹاپ پر ہے۔
دونوں کی طلاق کی خبریں اس وقت تیز ہوئیں جب کہ حال ہی میں 22 مارچ کو سجل علی نے انسٹاگرام پر اپنے نام سے احد رضا میر کا نام ہٹایا۔
اگرچہ اس سے قبل بھی ان کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں چل رہی تھیں، تاہم اب ان میں شدت آگئی ہے اور اب شوبز شخصیات بھی ان کی شادی ختم ہوجانے کے معاملے پر بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
زیادہ تر شخصیات نے سجل اور احد رضا میر کا نام لیے بغیر یا ان کی طلاق ہوجانے یا نہ ہوجانے کی تصدیق یا تردید کیے بغیر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ دوسروں کی ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں کرنے سے گریز کریں۔
سابق ماڈل و فیشن ڈیزائنر فریحہ الطاف نے سجل اور احد رضا میر کی طلاق کی افواہوں کے بعد اپنی پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان سے متعلق افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
فریحہ الطاف نے دونوں اداکاروں کا نام لکھتے ہوئے لکھا کہ طلاق آسان بات نہیں ہوتی، وہ بہت تکلیف دہ ہوتی ہے اور یہ کہ اداکار بھی انسان ہوتے ہیں، اس لیے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کریں۔
ان کی طرح ماڈل و اداکارہ متیرا نے بھی مذکورہ معاملے پر پوسٹ کی اور انہوں نے سجل علی کی ’صنف آہن‘ ڈرامے سے تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
متیرا نے سجل علی کو مضبوط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ہر چیز خدا کی طرف سے ہوتی ہے اور جو بھی ہوتا ہے، وہ کسی اچھائی کے لیے ہی ہوتا ہے۔
ان کی طرح اداکار و میزبان فیضان شیخ نے بھی سجل اور احد رضا میر کی طلاق کی افواہوں پر پوسٹ کی مگر انہوں نے دونوں کا نام لیے بغیر لکھا کہ طلاق کوئی عام بات نہیں ہوتی، وہ بہت تکلیف دہ ہوتی ہے، اس لیے لوگوں کو دوسروں کی پریشانی کا خیال رکھتے ہوئے ان کے پاس نامناسب سوالات نہ بھیجیں۔
ماڈل و اداکارہ فاطمہ آفندی نے بھی طلاق کے معاملے پر پوسٹ کی اوردعویٰ کیا کہ وہ ایسے بہت سارے افراد کو جانتی ہیں جن کی طلاق ہو چکی ہیں مگر چوں کہ ان کا تعلق شوبز سے نہیں، اس لیے ان کے معاملے پر بات نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے لکھا کہ طلاق کسی کے لیے بھی اچھی نہیں ہوتی مگر شوبز شخصیات کے لیے یہ تاثر قائم کردیا گیا ہے کہ وہ خوشی سے طلاق لیتی ہیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں۔
فاطمہ آفندی نے لکھا کہ یہ بات جان لیں کہ کوئی بھی شخص طلاق لینے کے لیے شادی نہیں کرتا اور نہ ہی طلاق پر شادی کا اختتام آسان ہوتا ہے۔
انہوں نے سجل علی اور احد رضا میر کا نام لیے بغیر لکھا کہ جن لوگوں کی طلاق ہوجاتی ہے، ان سے اسی معاملے پر کیے جانے والے سوالات تکلیف دہ ہوتے ہیں، اس لیے قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔
ان کی طرح سابق نیوز اینکر اور ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے بھی اسی معاملے پر انستاگرام اسٹوری کی اور لکھا کہ سجل اور احد رضا میر سے متعلق سن کر انہیں بہت تکلیف ہوئی۔
انہوں نے لکھا کہ سجل علی سخت محنت کرنے والی اداکارہ ہیں اور انہیں اس طرح کا درد نہیں ملنا چاہیے تھا۔
ان سے قبل ٹی وی میزبان مایا خان نے بھی سجل اور احد رضا میر کے معاملے پر انسٹاگرام پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے معاملے پر قیاس آرائیاں نہ کریں اور جوڑے کو اپنے حال پر چھوڑ دیں۔
علاوہ ازیں اداکار اظفر رحمٰن نے بھی ایک روز قبل جوڑے کی طلاق کی افواہوں پر پوسٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ جب میاں اور بیوی دونوں معروف شخصیات ہوں تو ان کی طلاق مزید مشکل بن جاتی ہے۔
انہوں نے سجل علی اور احد رضا میر کا نام لکھے بغیر مداحوں کو اپیل کی تھی کہ وہ طلاق کے عمل سے گزرنے والے جوڑے کی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔
اظفر رحمٰن نے اپنی پوسٹ میں لوگوں کو اپیل کی تھی کہ وہ جوڑے پاس دکھ بڑھانے والے سوالات نہ بھیجیں اور انہیں تنہا چھوڑ دیں۔