لائف اسٹائل

سجل اور احد رضا میر کی طلاق کی افواہیں: اظفر رحمٰن کی مداحوں کو اپیل

سجل علی اور احد رضا میر نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، دونوں کے درمیان گزشتہ 6 ماہ سے اختلافات کی خبریں رہی تھیں۔

اداکار اظفر رحمٰن نے معروف شوبز جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کی خبروں کے بعد مداحوں کو اپیل کی ہے کہ وہ صبر کا دامن نہ چھوڑیں اور اداکاروں کے پاس ان کے دکھ مزید بڑھانے والے سوالات نہ بھجوائیں۔

سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کی افواہیں 22 مارچ کے بعد اس وقت سامنے آئیں جب کہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے نام سے احد رضا میر کا نام ہٹایا۔

اس سے قبل بھی دونوں کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں سامنے آتی رہی تھیں مگر گزشتہ 6 ماہ سے دونوں کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سجل کی جانب سے نام سے احد رضا میر ہٹانے پر مداح پریشان

دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں اس وقت شدت اختیار کر گئی تھیں جب کہ رواں برس جنوری میں سجل علی کی چھوٹی بہن صبور علی کی شادی میں احد رضا میر شریک نہیں ہوئے تھے۔

علیحدگی اور طلاق کی افواہوں پر تاحال سجل علی اور احد رضا میر نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی، تاہم اداکارہ کی جانب سے نام سے شوہر کا نام ہٹائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور ان کی طلاق ہوجانے کے دعوے بھی کیے گئے۔

سوشل میڈیا پر سجل اور احد رضا میر کی طلاق کی افواہوں کے بعد ان کے قریبی ساتھی اداکار اظفر رحمٰن نے انسٹاگرام پوسٹ میں ان کا نام لکھے بغیر طلاق کے معاملے پر مداحوں کو اپیل کی۔

اظفر رحمٰن نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ جب میاں اور بیوی دونوں معروف شخصیات ہوں تو ان کی طلاق مزید مشکل بن جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: احد رضا میر اور سجل علی میں علیحدگی کی افواہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگی

انہوں نے سجل علی اور احد رضا میر کا نام لکھے بغیر مداحوں کو اپیل کی کہ وہ طلاق کے عمل سے گزرنے والے جوڑے کی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔

اظفر رحمٰن نے اپنی پوسٹ میں لوگوں کو اپیل کی کہ وہ جوڑے پاس دکھ بڑھانے والے سوالات نہ بھیجیں اور انہیں تنہا چھوڑ دیں۔

اگرچہ اظفر رحمٰن نے سجل علی اور احد رضا میر کا نام استعمال نہیں کیا، تاہم لوگوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ان کی ہی بات کر رہے ہیں۔

اظفر رحمٰن نے 24 مارچ کو سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کی افواہوں پر ٹوئٹر ٹرینڈ ٹاپ پر آنے کے بعد وضاحت کی۔

سجل علی اور احد رضا میر نے چند سال تک ایک ساتھ ڈرامے اور رومانس کرنے کے بعد مارچ 2020 میں شادی کی تھی، تاہم ان کے درمیان شادی کے سوا سال بعد ہی اختلافات کی خبریں آنا شروع ہوئی تھیں اور اب شادی کے دو سال مکمل ہونے پر ان کی طلاق کی خبریں پھیل رہی ہیں اور دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

کیا سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان واقعی سب کچھ ٹھیک نہیں؟

صبور علی کے مایوں میں احد رضا میر کے بغیر سجل علی کی شرکت پر مداح پریشان

احد رضا میر اور سجل علی کے معاملے پر عمران عباس کی وضاحت