لائف اسٹائل

علالت کے وقت عرفان خان سے رابطہ نہ کر پانے پر شرمسار ہوں، صبا قمر

اس بات پر افسوس ہے کہ نہ تو عرفان خان سے رابطہ کر پائی تھی اور نہ ہی ان کے اہل خانہ سے رابطہ کر پائی، اداکارہ

اداکارہ صبا قمر نے بولی وڈ کے ورسٹائل مرحوم اداکار عرفان خان کے ساتھ علالت اور زندگی کے آخری ایام میں رابطہ نہ کرپانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب گزرا وقت واپس نہیں آئے گا۔

صبا قمر اور عرفان خان نے 2017 کی مقبول بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، پاکستانی اداکارہ نے بھارتی اداکار کی اہلیہ بنی تھیں۔

’ہندی میڈیم‘ صبا قمر کی اب تک کی واحد بھارتی فلم ہے جب کہ عرفان خان اسی فلم کے سیکوئل ’انگریزی میڈیم‘ کے بعد کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

’ہندی میڈیم‘ کے شوٹنگ کے کچھ عرصے بعد ہی عرفان خان ’نیورو اینڈوکرائن‘ میں مبتلا ہوگئے تھے اور انہوں نے کئی ماہ تک لندن میں علاج بھی کروایا تھا مگر وہ اپریل 2020 میں انتقال کرگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

ساتھی اداکار کے انتقال کے بعد صبا قمر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا تھا، تاہم اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ علالت کے بعد عرفان خان سے رابطہ نہیں کر پائی تھیں۔

شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں صبا قمر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ تو عرفان خان سے رابطہ کیا تھا اور نہ ہی وہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے عرفان خان کی علالت کے بعد ان سے رابطہ کرنے کا سوچا تھا مگر پھر وہ شوٹنگ اور دیگر شوبز مصروفیات میں مصروف ہوگئیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مصروفیت نے انہیں عرفان خان سے رابطہ نہ کرپانے کی اجازت نہیں دی، جس کا انہیں افسوس ہے۔

صبا قمر نے بتایا کہ وہ عرفان خان سے رابطہ کرنے سے متعلق سوچتی ہیں رہی تھیں کہ ایک ان سے متعلق خبر سامنے آئی اور ان کے تمام خیالات پیچھے ہی رہ گئے اور وقت آگے نکل گیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عرفان خان سے متعلق خبر سننے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وقت کسی کا نہیں رہتا، جب بھی کوئی انسان جو سوچے، اسے کر لینا چاہیے، کسی سے معافی مانگنی ہو مانگ لینی چاہیے، کسی سے اظہار محبت کرنا ہو، کرلینا چاہیے، وقت کسی کا نہیں رہتا اور گزرا وقت واپس نہیں آتا۔

صبا قمر نے کہا کہ انہیں افسوس رہتا ہے کہ انہوں نے عرفان خان سے رابطہ کیوں نہیں کیا؟ اور وہ خود سے سوال کرتی رہتی ہیں کہ کاش کہ انہوں نے بولی وڈ اداکار کو ایک فون کرلیا ہوتا۔

اسی ویب سائٹ نے اپنی ایک اور خبر میں بتایاکہ صبا قمر نے پاکستانی اداکار فواد خان کو اپنا پہلا ہیرو قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ پہلا ڈراما ’داستان‘ کیا تھا۔

صبا قمر کے مطابق فواد خان کے ساتھ کام کرتے وقت وہ محض 19 برس کی تھی اور ان کا ڈراما 2010 میں ریلیز ہوا تھا۔

اداکارہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ انہیں اور فواد خان کو دوبارہ بھی کسی اچھے پروجیکٹ میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا اور وہ دوبارہ اسکرین پر دکھائی دیں گے۔

صبا قمر نے حال ہی میں ایک اور انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ ’خدا نے چاہا تو وہ دوبارہ بھی بولی وڈ میں کام کریں گی‘

صبا قمر کی گزشتہ روز ہی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر نعمان اعجاز کے ساتھ بنی رومانوی ویب سیریز ’مسز ایںڈ مسٹر شمیم‘ ریلیز ہوئی تھی، جس میں دونوں نے میاں اور بیوی کا کردار اد اکیا ہے۔

'ہندی میڈیم' : والدین، اچھے اسکولز اور انگریزی کی کہانی

صبا قمر 'ہندی میڈیم' کی کامیابی کیلئے پُرامید

'سوٹ سوٹ': صبا قمر اور عرفان خان کے اسٹائل