مراد سعید نے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا
وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اپنے خلاف جاری پروپیگنڈہ اور بہتان تراشی پر وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لیے آپ کی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، آپ 14 دن کے اندر اپنی تحریر کی وضاحت کر کے معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کے لیے تیار ہو جائیں۔
ریحام خان کو جاری لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے نام سے پہلے ایک مسودہ لیک ہوا جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی اور بعد میں شائع کردہ مسودے کا حوالہ دے کر وفاقی وزیر مراد سعید پر تہمت لگائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:مراد سعید کے خلاف نازیبا کلمات نشر کرنے پر 'نیوز ون' کو شوکاز نوٹس
وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے جاری قانونی نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگراموں، تقریروں اور سوشل میڈیا پوسٹس بھی اٹیچ کی گئیں ہیں، اور ان پر ریحام خان سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان تمام بہتانوں میں آپ کی تحریر کا نہ صرف حوالہ دیا گیا ہے بلکہ آپ خود بھی اس طرح کے مواد کو شیئر کرتی رہی ہیںنوٹس میں کہا گیا کہ 14 روز کے اندر وضاحت کریں اور معافی مانگیں ، معافی نہ مانگنے کی صورت میں آپ کے خلاف عدالت سے سخت سزا اور آپ سے ایک ارب ہرجانے دلوانے کی استدعا کی جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے ریحام کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید پاکستان تحریک انصاف کے طلباء تنظیم کے بانی صدر رہے ہیں، انہوں نے پورے پاکستان میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا ۔
نوٹس میں بتایا گیا ہ کہ مراد سعید نے ججز بحالی تحریک، ڈرون حملوں کے خلاف مہم، دہشت گردی کے خلاف اور دیگر تحریکوں اور عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، مراد سعید کو 2013 کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیا گیا اور وہ ریکارڈ تعداد میں ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی بنے۔
یہ بھی پڑھیں:ہمارے نظام میں فوری تبدیلی برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران کی سابق اہلیہ ریحام خان کو جاری قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا ہے اور ملک کی سیاست میں نام بنایا ہے۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ اسی طرح 2018 کے انتخابات میں بھی مراد سعید کو اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور انہوں نے بڑی کامیابی حاصل کی، ستمبر 2018 میں وزیر مملکت بنے اور حکومت کے وژن کے مطابق پہلے 100 روز میں اپنی وزارت کے اہداف حاصل کر کے وفاقی وزیر بنے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر مراد سعید نے سابق فاٹا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کامیاب انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام بہترین انداز میں عوام تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں:اگر حکومت سے باہر نکل آیا تو زیادہ خطرناک ہوں گا، وزیراعظم
قانونی نوٹس کے مطابق حال ہی میں وزارتوں کو دئیے گئے اہداف کی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مراد سعید کی وزارت کو دیے گئے 88 اہداف کو سو فیصد حاصل کر نے پر طے شدہ طریقہ کار کے مطابق وزارت مواصلات پہلے نمبر پر آئی۔
لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں آپ کے مسودہ کا حوالہ دے کر وزارت مواصلات کی کاکردگی کو متنازع بنایا گیا جس سے درخواست گزار کی ہتک کے علاوہ وزارت سے منسلک اہلکاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی ہے، مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لیے آپ کی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مندرجہ بالا تمام نکات کو مد نظر رکھنے ہوئے آپ فوری طور پر مراد سعید سے معافی مانگیں اور وضاحت کریں بصورت دیگر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور آپ کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔