کھیل

کراچی کنگز کی شکستوں کا سلسلہ جاری، سلطانز 7 وکٹوں سے کامیاب

کراچی کنگز نے 6 وکٹوں پر 174 رنز بنائے، رضوان کی نصف سنچری کی بدولت سلطانز نے تین گیندوں قبل ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار آٹھویں شکست سے دوچار کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 23ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

اننگز کے آغاز میں ہی کراچی کنگز کو بابر اعظم کی قیمتی وکٹ گنوانا پڑی اور رومان رئیس نے دو رنز بنانے والے حریف ٹیم کے کپتان کو چلتا کردیا۔

اس موقع پر شرجیل خان کا ساتھ دینے جو کلارک آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 72رنز کی شراکت قائم کی۔

جو کلارک نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن شرجیل مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے، ابھی دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ کھولنا شروع کیا ہی تھا کہ جو کلارک کی 29 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

شرجیل خان نے دو چھکے لگا کر خطرناک عزائم طاہر کرنے کی کوشش کی لیکن خوشدل شاہ نے ان کی 40رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے نوجوان قاسم اکرم نے 13 رنز بنائے لیکن دھانی کو ایک چھکا لگانے کے بعد دوسرا مارنے کی کوشش میں وہ وکٹ دے بیٹھے جبکہ روہیل نذیر نے 21رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں محمد نبی اور عماد وسیم نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 48رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم معقول مجموعے تک رسائی حاصل کر سکی۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، نبی نے 21 اور عماد وسیم نے 32رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں سلطانز نے پراطمینان انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ایک مرتبہ پھر شنادار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو 100رنز کا آغاز فراہم کیا، شان مسعود 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ سے محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اسکور کو 130 تک پہنچا دیا لیکن قاسم اکرم کے شاندار کیچ نے ان کی 76رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جب ٹم ڈیوڈ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو میچ پر کراچی کنگز کی گرفت مضبوط نظر آتی تھی اور سلطانز کو فتح کے لیے 14 گیندوں پر 34رنز درکار تھے۔

تاہم نئے بلے باز خوشدل شاہ نے کرس جورڈن کی جانب سے کرائے گئے اننگز کے 19ویں اوور میں 20 رنز بٹور کر میچ کا پانسہ اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دیا۔

رائلی روسو نے عمید آصف کو چھکا مار کر ملتان سلطانز کو تین گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید مضبوط کردی ہے۔

میچ میں میں 7 وکٹوں سے شکست کے نتیجے میں کراچی کنگز کو ایونٹ میں لگاتار آٹھویں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اب تک اس سال فتح کے حصول سے محروم ہیں۔

محمد رضوان کو 56 گیندوں پر 76رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں کی گئی تھیں اور کنگز نے صاحبزادہ فرحان کی جگہ روہیل نذیر کو ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔

ملتان سلطانز نے تین تبدیلیاں کرتے ہوئے فائنل الیون میں عامر عظمت، آصف آفریدی اور رومان رئیس کو شامل کیا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، عامر عظمت، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، رومان رئیس، آصف آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی

پی ایس ایل 7: نازیبا اشارے کرنے پر سہیل تنویر اور کٹنگ پر جرمانہ عائد

تقریبا 2 من سونا رکھنے والے ’ڈسکو‘ کنگ بپی لہری

امریکی جنگ کا شکار رہنے والے افغانوں کو سزا دینا زیادتی ہے