لائف اسٹائل

سونیا حسین فلم میں باکسر بن کر حریفوں کو سبق سکھانے کو تیار

ایکشن فلم میں اداکارہ بلوچ باکسر لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، محسن عباس حیدر برے پولیس والے بنیں گے۔
|

شاطر اور معصوم لڑکی کے کردار ادا کرکے لوگوں کے دل جیتنے والی اداکارہ سونیا حسین جلد ہی پہلی ایکشن فلم میں باکسنگ رنگ میں اتر کر حریفوں کو سبق سکھاتی دکھائی دیں گی۔

جی ہاں، سونیا حسین جلد ہی ’دادل‘ نامی ایکشن فلم میں باکسر گرل کے کردار میں دکھائی دیں گی،جس کے لیے انہوں نے ابتدائی تربیت بھی حاصل کرلی۔

سونیا حسین نے انسٹاگرام پر ’دادل‘ کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے ایکشن فلم کو جوائن کرلیا، جس میں ’حیا بلوچ‘ نامی باکسر لڑکی کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

اداکارہ نے فلم کی جھلک کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ‘بس سکون کا زندگی گزارنا اے تو دو باتیں اپنا دماغ میں اچھی طرح بٹھا لو’۔

اداکارہ نے لکھا کہ ’‘ایک بات یہ کہ پورا ’دادل‘ میں کسی بلوچ سے پنگا نہیں لینا، دوسری بات یہ کہ خاص کر کے جب وہ عورت ایک بلوچ ہو’۔

انہوں نے تصدیق کی کہ وہ فلم میں حیا بلوچ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو کہ فکشنل کردار ہے جو باکسنگ کی دنیا میں حریفوں کو سبق سکھاتی دکھائی دیں گی۔

اسی حوالے سے اداکارہ نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کی کہانی اور کردار فکشنل ہے مگر ان کا کردار بلوچ برادری سے تعلق رکھنے والی فائٹر لڑکی کا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا کردار بہت ہی مضبوط ہے جو کبھی بھی غلط چیزوں یا باتوں کو برداشت نہیں کرتا اور ہر برائی کے خلاف اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے فلم کی کہانی کو بہترین اور مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلم کا بجٹ بھی اچھا ہے جب کہ مذکورہ فلم جہاں ایک طرف کمرشل ہے، وہیں یہ عام فلموں سے کہیں مختلف بھی ہے۔

انہوں نے ہدایت کار ابو علیحہ کی بھی تعریفیں کیں اور بتایا کہ ان کی تخلیقی صلاحیت دوسروں سے مختلف ہے۔

’دادل‘ فلم میں سونیا حسین کے علاوہ محسن عباس حیدر نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے جو کہ برے پولیس والے کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

علاوہ ازیں فلم میں شمعون عباسی، عدنان شاہ ٹیپو، مائرہ خان اور رضوان جعفری بھی دکھائی دیں گے، فلم کو نیہا لال نے پروڈیوس کیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ابھی فلم کی ابتدائی شوٹنگ شروع کی گئی ہے اور خیال کیا جا رہاہے کہ اسے رواں برس کے اختتام تک پیش کردیا جائے گا۔

معروف بھارتی گلوکار و موسیقار بپی لہری 69 سال کی عمر میں چل بسے

میرا وقت ختم ہوچکا، دوسروں کو دیکھ کر لطف اندوز ہوتی ہوں، عفت عمر

اسپائیڈر مین نووے ہوم کمائی میں اواتار کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب