لائف اسٹائل

’سکون اور اچھا انسان‘ بننے کی خاطر شوبز چھوڑا، صنم چوہدری

ماضی کی مقبول اداکارہ نے اگست میں انسٹاگرام سے تصاویر ڈیلیٹ کرتے ہوئے شوبز سے دوری اختیار کی تھی۔

رواں برس اگست میں شوبز سے کنارہ کشی کرنے والی ماڈل و اداکارہ صنم چوہدری نے کہا ہے کہ انہوں نے خدا کی خاطر اور سکون حاصل کرنے کے لیے شوبز سے دوری اختیار کی۔

صنم چوہدری نے انسٹاگرام پر طویل لائیو سیشن میں بتایا کہ ان کے پاس ہر چیز تھی، انہوں نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کر رکھا تھا، شادی ہوگئی تھی، اولاد بھی ہوئی تھی مگر ان کے پاس ’سکون‘ نہیں تھا۔

صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ جب ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تو ان کا وزن بڑھ گیا اور انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے ورزش شروع کرنے کے دوران خود سے سوالات کرنے شروع کیے کہ ان کے پاس کس چیز کی کمی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صنم چوہدری نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی

سابق اداکارہ کے مطابق انہیں اندر ہی اندر ’ندامت‘ کا احساس ہوتا اور انہیں شدت سے محسوس ہوتا کہ ان کے پاس ہر چیز ہے مگر ’سکون‘ نہیں۔

صنم چوہدری نے بتایا کہ وہ ڈراموں میں واپسی کے لیے پرجوش تھیں اور ورزش کے دوران پروڈکشن ہاؤسز کو آسرے دیتی رہیں کہ وہ جلد ہی شوٹنگ جوائن کریں گی مگر پھر انہیں ان کے ٹرینر نے ’قران پاک‘ سے رجوع کرنے کا کہا۔

ماضی کی مقبول اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنے فٹنس ٹرینر سے پوچھا تھا کہ انہیں ’سکون‘ کیوں نہیں؟ جس پر انہوں نے قرآن سے رجوع کرنے کا کہا اور انہوں نے فوری طور پر ’قرآن پاک‘ سیکھنا شروع کیا۔

صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ جب وہ نوجوان لڑکی اقرا کی مدد سے ’قرآن پاک‘ سیکھ رہی تھیں اور اب ابتدائی چیپٹرز پر تھیں تو انہیں محسوس ہوا کہ ’سکون‘ صرف ’قرآن پاک‘ اور ’خدا‘ کے ذکر میں ہے۔

مزید پڑھیں: اداکارہ صنم چوہدری نے بھی خاموشی سے شادی کرلی

لائیو سیشن کے دوران صنم چوہدری جذباتی بھی ہوگئیں اور اس پر ’خدا‘ کا شکر ادا کیا کہ انہیں درست سمت چلنے کی توفیق دی۔

صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ جب وہ اداکاری میں تھیں تب وہ اتنی بے خبر تھیں کہ انہیں یہ تک یاد نہ رہا کہ انہیں مرنا بھی ہے اور زندگی مختصر ہوتی ہے۔

دین اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والی صنم چوہدری نے کہا کہ ’قرآن‘ کی راہ پر آنے سے قبل ان کی زندگی میں ایک دوڑ سے لگی ہوئی تھی، جس کے اختتام کا انہیں کچھ علم نہیں تھا مگر اب وہ اتنی پرسکون ہے کہ انہیں زندگی گزارنے میں مزہ آ رہا ہے۔

صنم چوہدری نے واضح کیا کہ وہ ’سکون،اچھا انسان‘ بننے اور خدا کی خاطر شوبز سے دور ہوئیں، بہترین اداکارہ بننا کوئی اعزاز نہیں، زندگی اداکاری اور ایوارڈز سے آگے کا نام ہے۔

طویل سیشن کے دوران انہوں نے اپنے ٹرینر نجم شہزاد سے بھی گفتگو کی اور دین اسلام پر چلنے کے لیے رہنمائی کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

صنم چوہدری نے رواں برس اگست میں انسٹاگرام سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کرتے ہوئے مبہم انداز میں شوبز کو خیرباد کہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صنم چوہدری کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

صنم چوہدری نے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کرتے ہوئے قرآنی آیات شیئر کرنا شروع کی تھیں اور کہا تھا کہ وہ مذہب اسلام کو سیکھ رہی ہیں اور اب انہوں نے پہلی بار وضاحت کی ہے کہ انہوں نے قرآن اور خدا کے لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔

لائیو سیشن کے دوران صنم چوہدری کو حجاب میں دیکھا گیا اور انہوں نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات بھی دیے۔

صنم چوہدری نے نومبر 2019 میں خاموشی سے دیرینہ دوست موسیقار سومی چوہان سے شادی کی تھی اور گزشتہ برس اکتوبر میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

2013 میں ڈراما 'عشق ہماری گلیوں میں' کے ساتھ ٹیلی ویژن پر ڈیبیو کرنے والی صنم چوہدری نے اداکاری کے عوض ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں اور انہوں نے متعدد ڈراموں میں نہایت اچھے کردار ادا کیے۔

انہوں نے ʼآسمانوں پہ لکھا‘، ʼبھول‘، ’گھر تتلی کا پر' سمیت 3 درجن کے قریب ڈراموں میں کام کیا ہے، ان کا آخری نشر ہونے والا ڈراما 'میر آبرو' ہے، جسے ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔

ماڈل مشک کلیم کی شادی کی تقریبات کا آغاز

شوبز کی متعدد شخصیات نے ’ہراساں‘ کیے جانے پر رابطہ کیا، میشا شفیع

بیٹے کی شادی پر مریم نواز کی نواسے کے ساتھ تصویر کے چرچے