لائف اسٹائل

وکی کوشل و کترینہ کیف کی شادی ہوگئی، بھارتی میڈیا

دونوں اداکاروں کی شادی کی تقریبات 7 دسمبر سے راجستھان کے پرتعیش ریزورٹ میں جاری تھیں۔

بھارتی میڈیا نے بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی مبینہ لیک ہونے والی تصاویر شائع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہےکہ دونوں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ نے انسٹاگرام پر کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی لیک ہونے والی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں نے سات پھیرے لے لیے۔

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف کے سات پھیروں کی رسومات 9 دسمبر کی سہ پہر کو ادا کی گئیں۔

رپورٹ میں دونوں کی لیک ہونے والی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ دونوں نے ہندو رسومات کے تحت شادی کی، تاہم 9 دسمبر کی شام تک خود کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔

علاوہ ازیں کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی تصویر کو دیگر شوبز ویب سائٹس اور اخبارات نے بھی شائع کرتے ہوئے ان کی شادی کی تصدیق کی۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں 9 دسمبر کی سہ پہر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

دونوں کی شادی کی تقریبات راجستھان کے ’سکس سینز ریزورٹ‘ میں 7 دسمبر سے جاری تھیں اور ان کی شادی میں 100 سے 120 شخصیات نے شرکت کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے رسمی طور پر شادی کرنے سے قبل 5 دسمبر کو ممبئی میں کورٹ میرج بھی کی تھی، کیوں کہ دونوں کا مذہب مختلف ہے۔

دونوں نے اسپیشل میرج ایکٹ 1954 کے تحت شادی کی تھی جو کہ دو مختلف مذاہب کے لوگوں کی شادی کو قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

وکی کوشل کا تعلق ہندو مذہب سے ہے جب کہ کترینہ کیف مسلمان ہیں اور دونوں نے کورٹ میرج کرنے کے بعد 9 دسمبر کو ہندو رسومات کے تحت شادی کی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں اپنی شادی کی تصدیق 9 دسمبر کی شب کو کریں گے یا پھر ممکنہ طور پر ان کی شادی کی تصدیق ایمازون پرائم نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے کرے گی، کیوں کہ جوڑے نے مذکورہ ویب سائٹ کو شادی کے نشریاتی حقوق فروخت کیے تھے۔

وکی کوشل و کترینہ کیف آج رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے، بھارتی میڈیا

وکی کوشل و کترینہ کیف کی شادی کی تقریبات شروع، بھارتی میڈیا

وکی و کترینہ نے شادی کے نشریاتی حقوق فروخت کردیے، بھارتی میڈیا