کھیل

ڈھاکا ٹیسٹ میں ساجد کی تباہ کن باؤلنگ، بنگلہ دیش فالوآن کے خطرے سے دوچار

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 300رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کی، بنگلہ دیش کی ٹیم 76رنز پر 7وکٹیں گنوا بیٹھی۔

ساجد خان کی شاندار باؤلنگ کے سبب پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی ٹیم فالوآن کے خطرے سے دوچار ہو گئی ہے اور 300 رنز کے جواب میں 76رنز پر 7 بنگلہ دیشی کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ہیں۔

ڈھاکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 188رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو چند رنز کے اضافے کے بعد اظہر علی کی 56رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

پاکستانی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کپتان بابراعظم بھی 76رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

197رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد فواد عالم کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بقیہ سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں نے ناقابل شکست 103 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، فواد نے 50 اور رضوان نے 53 رنز بنائے۔

300 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر پاکستان نے اپنی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے دو جبکہ عبادت حسین اور خالد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو ساجد خان نے اپنے پہلے ہی اوور سے میزبان بلے بازوں کے لیے مشکلات کھڑی کرتے ہوئے محمود حسن کو چلتا کردیا۔

ابھی اسکور 20 تک ہی پہنچا تھا کہ ساجد نے شادمان اسلام کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ کپتان مومن الحق رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

تجربہ کار مشفیق بھی صرف پانچ رنز بنا کر اسپنر کا شکار بنے جبکہ لٹن داس آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیشی ٹیم 46رنز پر پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی۔

شکیب الحسن نے نجم الحسین شانتو کے ساتھ مل کر اسکور کو 65 رنز کی تک پہنچایا ہی تھا کہ ساجد نے کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچویں وکٹ لیتے ہوئے 30رنز بنانے والے نجم کو چلتا کردیا اور اگلے اوور میں مہدی حسن میراز بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

جب کم روشنی کے سبب کھیل جلدی ختم کیا گیا تو بنگلہ دیش نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 76رنز بنائے تھے۔

شکیب الحسن 23 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں اور میزبان ٹیم کو فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 25رنز درکار ہیں۔

واضح رہے میچ کے دوسرے اور تیسرے دن بارش کے سبب صرف 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔

پاکستان کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں کالج طالبعلم کو قتل کرنے والا پولیس اہلکار گرفتار

دین اور حضورﷺ کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم

سعودی عرب میں پہلی بار انٹرنیشنل فلم فسیٹیول کا انعقاد