لائف اسٹائل

پیرس ہلٹن نے شادی کرلی

دیرینہ دوست سے شادی سے قبل گلوکارہ و اداکارہ کی دو منگنیاں ناکام ہو چکی تھیں۔

امریکی گلوکارہ، اداکارہ و کاروباری خاتون 40 سالہ پیرس ہلٹن نے منگنے کے 8 ماہ بعد 40 سالہ کارٹر ریوم سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔

پیرس ہلٹن اور کارٹر ریوم نے رواں برس فروری میں اداکارہ کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر منگنی کی تھی۔

شوبز ویب سائٹ ’ای نیوز‘ کے مطابق پیرس ہلٹن اور کارٹر ریوم نے لاس اینجلس میں قریبی رشتے داروں اور ساتھیوں کی موجودگی میں شادی کی اور تقریبات چند تک جاری رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شادی کی مختلف تقریبات کے دوران پیرس ہلٹن نے معروف فیشن ہاوٌسز کے لباس پہنے اور انہوں نے شادی کی دعوت کو عام نہیں کیا تھا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’پیج سکس‘ نے بھی بتایا کہ پیرس ہلٹن اور کارٹر ریوم نے 11 نومبر کو شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں نے لاس اینجلس کے نواحی علاقے میں پرتعیش مقام پر دوستوں، کاروباری شخصیات اور رشتے داروں کی موجودگی میں شادی کی۔

علاوہ ازیں پیرس ہلٹن نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ہیش ٹیگز کا استعمال کرکے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے 11 نومبر کو شادی کرلی۔

ان کے شوہر کارٹر ریوم نے انسٹاگرام پر شادی سے متعلق کوئی پوسٹ نہیں کی، البتہ ان کی شادی کے انتظامات کرنے والی شخصیات نے ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں شادی کی مبارک باد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: پیرس ہلٹن نے 40 ویں سالگرہ پر منگنی کرلی

پیرس ہلٹن کی پوسٹ پر متعدد معروف شوبز، سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

کارٹر ریوم سے شادی سے قبل پیرس ہلٹن ماضی میں دو بار منگنی کر چکی ہیں تاہم ان کی دونوں منگنیاں ایک سال بعد شادی سے قبل ہی ٹوٹ گئی تھیں۔

19 برس کی عمر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ماڈلنگ ایجنسی سے ماڈلنگ کا آغاز کرنے والی پیرس ہلٹن اپنے رومانوی تعلقات اور بولڈ زندگی کی وجہ سے خبروں میں بھی رہتی آئی ہیں۔

پیرس ہلٹن ماضی میں متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ ان کے پاس کسی کے ساتھ رومانوی زندگی گزارنے کا وقت نہیں اور وہ شادی کے بغیر ہی بچوں کی خواہش مند ہیں۔

پیرس ہلٹن کو 17 سال قبل 2003 میں اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب ان کی چند فحش ویڈیوز لیک ہوئیں اور بعد ازاں 2007 میں ان کی متعدد ذاتی ویڈیوز، تصاویر اور دستاویز بھی ایک ویب سائٹ پر جاری کردی گئی تھیں۔

پیرس ہلٹن شادی کے بغیر بچے کی خواہاں

بورڈنگ اسکول میں ذہنی و جسمانی استحصال کا نشانہ بنایا گیا، پیرس ہلٹن

پیرس ہلٹن کے 'استحصال کرنے والے اسکول' کی بندش کیلئے تحریک