’اسکوئڈ گیم’ نیٹ فلیکس کی مقبول ترین ڈراما سیریز بن گئی
اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے کہا ہے کہ سپر ہٹ جنوبی کوریائی شو ’اسکوئڈ گیم، اسٹریمنگ سروس کی مقبول ترین اوریجنل سیریز بن گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق 9 اقساط پر مشتمل اس سنسنی خیز ڈراما سیریز میں قرض میں ڈوبے لوگوں کو 45.6 ارب (3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر) جیتنے کا لالچ دے کر بچوں کے کھیل کھلائے جاتے ہیں اور ہارنے والے کو گولی مار دی جاتی ہے۔
یہ ڈراما سیریز ایک ماہ سے کم عرصے میں دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: نیٹ فلیکس کا کورین فلموں اور ٹی وی شوز میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ
اس ڈراما سیریز پر لاتعداد میمز بنائی گئی ہیں جبکہ کھیل کا حصہ بننے والے امیدواروں کے گرین ٹریک سوٹس بھی توجہ کا مرکز بھی بنے ہیں۔
’اسکوئڈ گیم‘ نے جنوبی کوریا میں موجود زہریلے مسابقتی معاشروں کے بارے میں بحث کو بھی جنم دیا ہے اور دنیا بھر میں کوریائی ثقافت اور زبان میں نئی دلچسپی پیدا کی ہے۔
نیٹ فلیکس نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ ’اسکوئڈ گیم کے مداحوں کی تعداد باضابطہ طور پر 11 کروڑ 10 لاکھ ہوگئی ہے جس کے بعد یہ اب تک لانچ کی جانے والی ہماری سب سے بڑی سیریز بن گئی ہے’۔
17 ستمبر کو ریلیز ہونے کے بعد سے یہ سیریز صرف 27 دنوں میں اتنے ویووز تک پہنچی ہے اور اس نے برطانوی کاسٹیوم ڈراما ’بریڈگرٹون’ کو باآسانی پیچھے چھوڑ دیا، جسے ابتدائی 28 روز میں 8 کروڑ 20 لاکھ اکاؤنٹس پر اسٹریم کیا گیا تھا۔
نیٹ فلکس اپنے پلیٹ فارم کے اعداد و شمار دیکھنے کے لیے محدود معلومات فراہم کرتا ہے اور اس ڈیٹا کو مختلف طریقوں سے فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹ فلیکس کا رواں برس ریکارڈ 70 ہولی وڈ فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان
نیٹ فلیکس نے ’بریڈگرٹون‘ اور دیگر شوز کے جو 28 روز کے ڈیبیو اعداد و شمار جاری کیے تھے ان میں ایسے اکاؤنٹس بھی شامل تھے جنہوں نے کم از کم 2 منٹ تک کوئی قسط دیکھی۔
اسٹریمنگ سائٹ کے شریک سی ای او اور چیف کانٹینٹ آفیسر ٹیڈ سرینڈوس نے گزشتہ ماہ کیلیفورنیا میں ایک ٹیک کانفرنس میں کہا تھا کہ اسٹریمنگ سروس حیران ہے کہ ’اسکوئڈ گیم‘ کتنی مشہور ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اسے عالمی سطح پر مقبولیت کی نظر سے نہیں دیکھا تھا’۔
خیال رہے کہ نیٹ فلیکس نے کہا تھا کہ کمپنی رواں برس جنوبی کوریا میں بننے والے مواد پر 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔