فائزر ویکسین کی افادیت 6 ماہ بعد نصف ہوجاتی ہے، نئی تحقیق
امریکا میں کی جانے والی نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا سے تحفظ کی فائرز و بائیو این ٹیک کی ویکسین کی افادیت دوسرے ڈوز لگنے کے 6 ماہ بعد نصف ہوجاتی ہے۔
اس سے قبل کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ فائزر کی ویکسین کی افادیت 6 ماہ بعد صرف 12 فیصد کم ہوجاتی ہے مگر نئی تحقیق کے نتائج نے سب کو حیران کردیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فائزر اور امریکی طبی تحقیقاتی ادارے کیسر کی جانب سے ویکسین لگوانے والے 34 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، جس سے معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر ویکسین فائدیمند رہتی ہے، تاہم اس کی افادیت میں نمایاں کمی ہوجاتی ہے۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے میں شائع کیے گئے، جن میں بتایا گیا کہ فائزر کی افادیت دوسرا ڈوز لگنے کے ایک ماہ بعد ہی کم ہونا شروع ہوجاتی ہے اور 6 ماہ بعد اس کی افادیت نصف تک کم ہوجاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فائزر کووڈ ویکسین کی افادیت 6 ماہ بعد 12 فیصد تک کم ہوجاتی ہے، تحقیق
ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ فائزر کی ویکسین کی افادیت کورونا کے مختلف اقسام میں مختلف سطح پر کم ہوتی ہے، تاہم مجموعی طور پر وہ تحفظ فراہم کرتی ہے۔
ڈیٹا کے مطابق فائزر ویکسین لگوانے والے افراد اگرچہ افادیت کم ہوجانے پر 6 ماہ بعد وبا کا شکار ہو سکتے ہیں، تاہم پھر بھی وہ مجموعی طور پر محفوظ رہیں گے اور انہیں ہسپتال داخل کرانے کی نوبت نہیں آئے گی۔
ڈیٹا میں بتایا گیا کہ فائزر کی ویکسین کی افادیت 6 ماہ بعدد 88 سے کم ہوکر 47 فیصد رہ جاتی ہے، تاہم ویکسینیشن کروانے والے افراد میں وبا کی خطرناک علامات نہیں آتیں اور وہ ہسپتال جانے سے محفوظ رہتے ہیں۔
ڈیٹا کے مطابق ویکسین لگوانے کے بعد کورونا کے مریضوں کے مرنے کے امکانات بھی کم ہوجاتے ہیں۔
ڈیٹا کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ماہرین تجویز دے رہے ہیں کہ فائزر کی دوسری خوراک لینے کے 6 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لگوایا جائے تو ویکسین کی افادیت برقرار رہے گی۔
مزید پڑھیں: ویکسینز کی افادیت میں کمی ڈیلٹا کے پھیلاؤ اور ماسک کے استعمال نہ کرنے کا نتیجہ قرار
امریکی حکومت نے پہلے ہی بالغ افراد سمیت وبا کے لیے آسان ہدف رہنے والے افراد جیسا کہ فرنٹ لائن ورکرز کو بوسٹر ڈوز لگوانے کی اجازت دے رکھی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فائزر کی افادیت کے حوالے سے تازہ تحقیق کو دیکھتے ہوئے امریکی حکومت اپنے عام شہریوں کو بھی بوسٹر ڈوز لگوانے کی اجازت دے گی۔
امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ماہرین صحت اور حکومتی ادارے بوسٹر ڈوز کی اجازت کو ویکسین کی افادیت کے ڈیٹا سے مشروط کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ابھی ایسا کوئی ڈیٹا موجود نہیں، جن سے معلوم ہو کہ ویکسین کی افادیت ختم ہوجاتی ہے، اس لیے بوسٹر ڈوز کی اجازت دی جائے۔
تاہم تازہ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ ویکسین کی افادیت آہستہ آہستہ کم ہوجاتی ہے اور 6 ماہ بعد تقریبا نصف افادیت ختم ہوجاتی ہے، جس کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ حکومتیں بوسٹر ڈوز لگوانے کی اجازت دیں گی۔