لائف اسٹائل

مطالبات سے انکار پر فلم ساز نے ’ریپ‘ کی دھمکیاں دیں، بھارتی اداکارہ نیہا سکسینا

فلم میں نامناسب مناظر کی عکس بندی سے انکار پر فلم ساز نے تہہ خانے میں لے جاکر تشدد و ریپ کی دھمکیاں دیں، اداکارہ

بھارتی اداکارہ نیہا سکسینا نے فلم کی شوٹنگ کے دوران نامناسب مناظر سے انکار پر فلم ساز کی جانب سے ’ریپ، تشدد اور قتل' کی مبینہ دھمکیاں دیے جانے پر پولیس میں شکایت درج کروادی۔

نیہا سکسینا چند بولی وڈ فلموں میں مختصر کردار کر چکی ہیں، جب کہ وہ ہندی ڈراموں کے علاوہ تامل اور تیلگو سمیت دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں میں بھی اداکاری کر چکی ہیں۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق نیہا سکسینا نے بنگلورو پولیس کو درج کروائی گئی شکایت میں دعویٰ کیا کہ انہیں تامل زبان کی فلم کی شوٹنگ کے دوران بدترین تشدد، ریپ اور قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے معروف فلم ساز کے ساتھ اگست میں شوٹنگ کا آغاز کیا اور کچھ ہی دن بعد انہیں احساس ہوا کہ شوٹنگ سیٹ کا ماحول درست نہیں اور اداکاروں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

نیہا سکسینا کا کہنا تھا کہ ہدایت کار اپنے بیٹے کو تامل فلم کے ذریعے اداکاری میں لانا چاہ رہا تھا، اس لیے ان کے ساتھ کوئی بڑی اداکارہ کام کرنے کو تیار نہیں تھیں تو ہدایت کار نے انہیں منتیں کیں، جس پر وہ کام کے لیے رضامند ہوئیں۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ فلم کی کاسٹ اور کہانی کوئی خاص نہیں تھی جب کہ انہیں شوٹنگ کے دوران معلوم ہوا کہ ان کا کردار پوری فلم میں 20 فیصد ہے۔

نیہسا سکسینا کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران انہیں کچھ نامناسب مناظر شوٹ کرنے کا کہا گیا، جس پر انہوں نے انکار کیا تو ہدایت کار نے انہیں دھمکیاں دیں اور کہا کہ فلم کے پروڈیوسر جرائم پیشہ افراد ہیں، ان کے پاس تشدد خانہ ہے، جہاں اداکارہ کو قید کرکے ان پر بدترین تشدد کرکے، ان کا ریپ کیا جا سکتا ہے جب کہ انہیں قتل بھی کیا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں دھمکیاں دے کر ان سے زبردستی کام کروایا گیا اور شوٹنگ کے دوران ان کے ہوٹل پر بھی انہیں آکر دھمکیاں دی گئیں۔

نیہا سیکسینا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ فلم کی ٹیم نے جس ہوٹل پر انہیں رکھا تھا، اس ہوٹل کے مالک نے انہیں پیغام بھجوایا کہ وہ ان سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ وقت گزاریں تو انہیں اچھا معاوضہ دیا جائے گا۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ فلم کی ٹیم نے انہیں چند سال قبل ایک تامل اداکارہ کے اغوا اور ان کے گینگ ریپ کا قصہ سناکر ڈرایا کہ ان کے ساتھ ایسا کیا جا سکتا ہے۔

نیہا سکسینا نے بنگلور پولیس کے پاس شکایت درج کروانے سمیت انہیں خفیہ کیمروں کی کچھ ریکارڈنگ بھی فراہم کی۔

اگرچہ اداکارہ نے پولیس میں خود کو قتل اور ریپ کی دھمکیاں دیے جانے کی شکایت درج کروائی لیکن انہوں نے باضابطہ طور پر مقدمہ دائر نہیں کروایا اور نہ ہی انہوں نے میڈیا کو ہدایت کار اور فلم پروڈیوسرز سے متعلق معلومات فراہم کی۔

عمر شریف کو نمونیا کا خدشہ، جرمنی سے امریکا روانگی مؤخر ہونے کا امکان

گلوکار مناج مسک اور اشنا شاہ کا گانا 'کنگنا' ریلیز