لائف اسٹائل

ملک کے 8 شہروں میں سینما کھولنے کی اجازت

لاہور اور کراچی کی انتظامیہ ویکسینیشن مہم کو بڑھائے تاکہ اگلے 10دنوں میں ان شہروں کے سینما بھی کھل سکیں، فواد چوہدری

عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد حکومت نے ملک کے 8 شہروں میں سینما گھروں کو کھولنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت 8 شہروں میں سینما گھروں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں : سینما بند ہونے کے باعث گھر بیٹھے عید پر یہ فلمیں دیکھیں

انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ لاہور اور کراچی کی انتظامیہ ویکسینیشن مہم کو بڑھائے گی تاکہ اگلے 10 دنوں میں ان شہروں کے سینما بھی کھل سکیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنی ٹوئٹ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کا نوٹی فیکیشن بھی شیئر کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو برطانیہ میں ریلیز کیے جانےکے بعد پاکستانی فلمسازوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوال کیا جارہا تھا کہ پاکستان میں دوبارہ کبھی سینما کھلیں گے؟

میزبان و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے ٹوئٹ کی تھی کہ 'لندن میں جیمز بانڈ کا پریمیئر ہوگا، اُمید ہے کہ ہمارے سینما گھر بھی دوبارہ کھلیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث پاکستانی سینما کا مستقبل کیا ہے؟

انہوں نے کہا تھا کہ 'دنیا دوبارہ معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، یہ اچھی علامت ہے'۔

پاکستانی فلمساز نبیل قریشی نے ٹوئٹ میں سوال کیا کہ سینما کب کھلیں گے؟

جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹس کیں اور 'سینما کھولو' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان میں مارچ 2020 کے بعد سینماؤں کو بند کیا گیا تھا اور ساتھ ہی نئی فلموں کی شوٹنگ بھی منسوخ کردی گئی تھی۔

گزشتہ برس مارچ سے لے کر اب تک پاکستان میں سینما نہیں کھولے جا سکے لیکن جزوی طور پر فلموں کی شوٹنگ شروع کی گئی تھی اور کورونا کے دوبارہ زور پکڑنے پر پھر سے شوٹنگ بند کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا میں بھی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی شوٹنگ جاری

سینما مالکان اور فلم پروڈیوسرز کو اُمید تھی کہ 2020 کے آخر تک ملک میں سینما کھل جائیں گے اور حکومت نے کورونا کیسز میں کمی کے بعد سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ سینما کھولنے کی اجازت بھی دی تھی مگر انہیں کھولا نہیں جا سکا تھا۔

پاکستان میں فلموں کی کم پروڈکشن اور کورونا کے بار بار سر اٹھانے کی وجہ سے سینما مالکان نے سینماؤں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی سینما گھروں میں مقامی فلم آخری بار 2020 کے آغاز میں ہی ریلیز ہوئی تھی، اس کے بعد تاحال کسی پاکستانی فلم کو بھی ریلیز نہیں کیا گیا۔

اس وقت بڑی فلموں میں 'قائداعظم زندہ باد'، 'چکر'، 'پردے میں رہنے دو'، 'یارا وے'، کھیل کھیل میں' اور 'پیچھے تو دیکھو' سمیت دیگر ریلیز ہونے کو تیار ہیں اور حکومت کی جانب سے سینما کھولنے کی اجازت کے بعد ان کی جلد ریلیز کا امکان ہے۔

مسلسل تاخیر کے بعد بلآخر جیمز بانڈ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ ریلیز

طویل سفر کی تھکاوٹ کے باعث عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں داخل

تکذیبِ نکاح کیس: اداکارہ میرا اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں