لائف اسٹائل

جمائما گولڈ اسمتھ کو برطانیہ میں 'پاکستانی رکشے' کی تلاش

انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس فلم یا ویڈیو کی شوٹنگ کے لیے پاکستان میں چلنے والے رکشے چاہئیں۔
Welcome

وزیراعظم عمران خان کی سابق اور پہلی اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو برطانیہ میں پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی تلاش ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے اس سلسلے میں مدد طلب کی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر موجود پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں آئندہ ہفتے فلمبندی کے لیے لندن میں پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی تلاش ہے، کوئی کسی کو جانتا ہے جس کے پاس ایسا رکشہ ہو؟'

کچھ صارفین کی جانب سے جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئٹ پر ان کی مدد کے لیے رابطہ کیا گیا جبکہ کچھ نے مختلف تبصرے کیے۔

خرم ظہور نامی صارف نے دورہ پاکستان پر آنے والے برطانوی شاہی جوڑے پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بتائے گئے وقت پر رکشہ فراہم کر سکتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ انہیں رکشہ ڈرائیور کا رول دیا جائے۔

جس پر جمائما نے ان سے ڈی ایم میں رابطہ کرنے کا کہا۔

احتشام الحق نے کہا کہ ٹی کے سی ساؤتھ ہال اور برمنگھم میں پاکستانی اسٹائل کے رکشے ہیں۔

صائمہ خان نے بتایا کہ ساؤتھ ہال میں پاکستانی و چینی کھانے فراہم کرنے والے ریسٹورنٹ میں رکشے ہیں جس پر جمائما نے کہا کہ انہیں ’لاہور اسٹائل کا سجا ہوا‘ رکشہ چاہیے۔

ایک صارف نے کہا کہ 'یہ رکشہ میری میز پر موجود ہے'۔

ارم جعفری نے کہا کہ یہ مل گیا ہے لیکن آپ کو برمنگھم آنا پڑے گا۔

فرزانہ نامی صارف نے پوچھا کہ کیا آپ پاکستانی ثقافت پر فلم بنارہی ہیں، اگر ایسا ہے تو بہت اچھی بات ہے۔

تاہم جمائما گولڈ اسمتھ نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس فلم یا ویڈیو کی شوٹنگ کے لیے پاکستانی اسٹائل کے رکشے چاہئیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی رکشوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف علاقوں میں پاکستانی ٹرک آرٹ اور بسیں بھی مقبول ہیں۔

عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری

افغانستان سے بھارتی انخلا پر بننے والی فلم 'گارڈ' کی جھلکیاں سامنے آگئیں

احسن خان بچوں کے تحفظ کے سفیر مقرر