نیوزی لینڈ سے سیریز سے قبل محمد نواز کورونا کا شکار
نیوزی لینڈ کے خلاف اسکواڈ میں شامل قومی ٹیم کے نوجوان اسپنر محمد نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور انہیں پی سی بی کے کووڈ-19 پروٹوکولز کے مطابق قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔
محمد نواز کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز اسلام پہنچنے پر کی جانے والی کووڈ-19 ٹیسٹنگ کے دوران مثبت آیا۔کورونا کا شکار ہونے کے سبب محمد نواز کی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا
قومی اسکواڈ میں شامل دیگر تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں لہٰذا انہیں 10 ستمبر بروز جمعہ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔
دونوں ممالک کے مابین کرکٹ سیریز 17 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ کا اعلان، اہم کھلاڑی دستبردار
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔
کورونا کا شکار ہونے کے سبب مصباح ٹیم ے ہمراہ وطن واپس نہیں لوٹے تھے اور انہوں نے 10 دن جمیکا میں قرنطینہ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ سے سیریز کا شیڈول
- 11 ستمبر: اسلام آباد آمد
- 12 تا 14 ستمبر: روم آئسولیشن
- 15 تا 16 ستمبر: ٹریننگ/پریکٹس/انٹرا اسکواڈ میچ
- 17 ستمبر: پہلا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
- 19 ستمبر: دوسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
- 21 ستمبر: تیسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
- 25 ستمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، لاہور
- 26 ستمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، لاہور
- 29 ستمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، لاہور
- یکم اکتوبر: چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ، لاہور
- 3 اکتوبر: پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ، لاہور