لائف اسٹائل

'سنگ مرمر' کے سیکوئل سے عاطف اسلم کی ڈراموں میں انٹری

یقین ہے 'سنگِ ماہ' کو بھی سنگ مرمر کی طرح پسند کیا جائے گا، نعمان اعجاز نے گلوکار کی انٹری کی تصدیق کردی۔
|

پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے تصدیق کی ہے کہ شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم 'سنگِ ماہ' نامی ڈرامے سے چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ 'سنگِ ماہ'، نجی چینل پر 2016 میں نشر ہونے والے ڈرامے 'سنگِ مر مر' کا سیکوئل ہے جس میں کبریٰ خان، ثانیہ سعید، نعمان اعجاز اور میکال ذوالفقار نے اداکاری کی تھی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں نعمان اعجاز نے کہا کہ 'ہم اس وقت اسلام آباد میں ہیں اور سنگِ ماہ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں'۔

مزید پڑھیں: مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم کاسٹ؟

نعمان اعجاز نے کہا کہ جیسے آپ نے ڈراما سیریل 'سنگِ مر مر' کو بہت پسند کیا مجھے یقین ہے کہ آپ 'سنگِ ماہ' کو بھی پسند کریں گے۔

انہوں نے ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاروں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ ہم عاطف اسلم، زاویار، ثانیہ سعید، سامیہ ممتاز، کبریٰ خان اور ہانیہ عامر کے ساتھ ڈرامے کی شوٹنگ کررہے ہیں۔

نعمان اعجاز نے مزید کہا کہ 'اپنا خیال رکھیں، اللہ تمام پاکستانیوں کو سلامت رکھے اور سب کو خوش رکھے'۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے خبریں زیر گردش تھیں کہ عاطف اسلم جلد ہی چھوٹی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گے۔

گزشتہ ماہ جولائی میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم اور احسن خان بھی شامل ہوں گے جب کہ خاتون کے مرکزی کردار کے لیے ہانیہ عامر کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل کی چہ مگوئیاں رواں برس جون میں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب کہ ڈرامے کے ڈائریکٹر سیفی حسن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی سیکوئل پر کام شروع کریں گے۔

سیفی حسن نے بتایا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنایا جائے گا، جس کے دوسرے حصے ’سنگ ماہ‘ پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا جب کہ ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ ’سنگ سیاہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اچھا اسکرپٹ ملا تو چھوٹی اسکرین پر کام کروں گا، عاطف اسلم

سیفی حسن نے تصدیق کی تھی کہ سیکوئل میں بھی پہلے ڈرامے کی کاسٹ کو رکھا جائے گا لیکن نئے ڈرامے کی کہانی پہلے سے مختلف ہوگی اور کچھ کردار بھی نئے شامل کیے جائیں گے۔

تاہم حال ہی میں ٹی وی ڈیبیو کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’بی بی سی‘ کو بتایا تھا کہ ان کے مداح انہیں چھوٹی اسکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اچھی کہانی ملنے پر ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔

عاطف اسلم نے چھوٹی اسکرین پر جلوے دکھانے کی اپنی خبروں سے متعلق کہا تھا کہ انہوں نے بھی خود سے متعلق افواہیں سن رکھی ہیں مگر فوری طور پر ایسا سچ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

گلوکار نے واضح کیا تھا کہ اگر انہیں اچھی کہانی اور کردار دیا گیا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے لیکن ساتھ ہی کہا تھا کہ مداح انہیں جلد ٹی وی پر دیکھنے کی امید نہ رکھیں۔

یاد رہے کہ ’سنگ مر مر‘ کو 2016 میں ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، جسے کہانی کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا تھا۔

ڈرامے کی کہانی پاکستان کے قبائلی علاقہ جات کے خاندان اور وہاں کی رسم و رواج کے گرد گھومتی ہے، جس وجہ سے شائقین نے اسے بہت سراہا تھا۔

پاکستان اور ترکی کا سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے کا اعلان

دعا ملک کے گھر ننھے مہمان کی آمد

سوشل میڈیا پر 'تصاویر' وائرل ہونے پر قاسم علی شاہ کا بیان سامنے آگیا