’پرنس چارمنگ‘ ازدواجی اضطراب کی رومانوی کہانی
اداکار شہریار منور کی ہدایت کردہ پہلی مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ کو یوٹیوب پر جاری کردیا گیا، شائقین کی جانب سے اسے سراہا جا رہا ہے۔
مختصر دورانیے کی فلم میں ماہرہ خان اور زاہد احمد اور ان کے کرداروں کی ازدواجی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔
تقریبا 12 منٹ دورانیے کی فلم کے ریلیز ہوتے ہی، اسے ہزاروں افراد نے دیکھا اور اس کی کہانی کو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔
’پرنس چارمنگ‘ میں ماہرہ خان کو شہرزاد جب کہ زاہد احمد کو اکبر کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان، زاہد احمد کے ساتھ اداکاری کیلئے تیار
فلم میں خواتین میں شادی کے بعد ہونے والے ذہنی اضطراب یا ڈپریشن کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے اور ماہرہ خان نے شاندار اداکاری کے باعث مذکورہ مسئلے کو بہترین انداز میں پیش کیا ہے۔
فلم میں دکھایا گیا کہ رومانوی طبیعت کی مالک ماہرہ خان شادی کے بعد کم توجہ یا توقعات سے کم محبت ملنے کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہو جاتی ہیں اور وہ ہر وقت خیالوں ہی خیالوں میں اپنے محبوب سے محبت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ایک بچے کی ماں ہونے اور شوہر کی جانب سے ہر وقت کام میں مصروف رہنے کی وجہ سے ماہرہ خان کو جہاں محبت سے محروم دکھایا گیا ہے، وہیں انہیں اپنے شوہر سے ہی خیالوں ہی خیالوں میں رومانس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم میں ماہرہ خان اور زاہد احمد کے کرداروں کو دو روپ دکھائے گئے ہیں، ایک روپ میں وہ عام میاں اور بیوی کے طور پر اسکرین پر دکھائی دیتے ہیں جب کہ دوسرے روپ میں وہ خیالوں ہی خیالوں میں رومانوی جوڑے کے طور پر دکھائی دیتے ہیں۔
فلم کی کہانی اور اسے پیش کیے جانے کے انداز کو کافی سراہا جا رہا ہے، تاہم ساتھ ہی فلم کی عکس بندی کے انداز اور موسیقی پر غیر ملکی فلم کی کاپی کا الزام بھی لگایا جا رہا ہے، تاہم ایسے الزامات پر تاحال ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا۔
’پرنس چارمنگ‘ شہریار منور کی بطور ہدایت کار پہلی مختصر فلم ہے، اس سے قبل انہوں نے ایک میوزک ویڈیو کی ہدایات بھی دی تھیں۔