ٹوکیو اولمپکس: بھارت، برطانیہ اور نیدرلینڈز کی ہاکی ٹیمز کی کوارٹر فائنلز تک رسائی
بھارت مینز اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ میں ریو گولڈ میڈلسٹ ارجنٹینا کو 1-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا جبکہ نیدرلینڈز اور برطانیہ نے بھی رسائی حاصل کر لی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کی ویمنز ٹیم نے میزبان جاپان کو ٹورنامنٹ سے باہر کرکے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی جبکہ ہسپانوی ٹیم بھی چین کو شکست دینے کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔
مینز ٹورنامنٹ میں بھارت نے شروعات میں ہی برتری حاصل کرنے والے جنوبی امریکی حریف کے خلاف واپسی کی اور دوسرے ہاف کے آغاز میں میچ برابر کرنے کے بعد وقت ختم ہونے سے قبل مزید دو گول داغے۔
دوسرے گروپ میں نیدرلینڈز کو برطانیہ کے خلاف آخری کوارٹر تک 0-2 سے برتری حاصل رہی لیکن پھر انگلش کھلاڑیوں نے دباؤ بڑھاتے ہوئے یہ برتری ختم کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: کواڈ اسکَلز مقابلوں میں نیدرلینڈز اور چین کے طلائی تمغے
سیم وارڈ کے دو گولز نے میچ برابر کردیا جس میں اختتام سے 4 منٹ قبل پینلٹی کورنر پر کیا جانے والا گول بھی شامل تھا۔
میچ برابری پر ختم ہونے کے باوجود دونوں ٹیموں کو کوارٹر فائنلز کا ٹکٹ مل گیا۔
جنوبی افریقہ نے ہاف ٹائم تک ایک گول کے خسارے کے باوجود 2016 کے اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی جرمنی کو 3-4 سے حیران کن شکست دی۔
منفی گول فرق کے باعث جنوبی افریقہ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کا امکان نہیں ہے لیکن وہ جرمنی سے شکست کی صورت میں واپس گھر جانے سے بھی بچ گئی، جسے اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے مزید ایک پوائنٹ کی ضرورت ہے۔
عالمی چمپئن بیلجیئم نے پول 'بی' کے میچ میں کینیڈا کے خلاف 1-9 سے فتح حاصل کرکے حریف ٹیم کو گھر کا پروانہ تھما دیا۔
مزید پڑھیں: برمودا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والا سب سے کم آبادی والا ملک بن گیا
ویمنز مقابلوں میں ارجنٹینا نے لاس لیوناس کے بہترین کھیل کی بدولت آسٹریلیا کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی، آسٹریلیا پہلے ہی جاپان کو 1-2 سے ہرا کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
اسپین، جس کے کوچ کورونا مثبت آنے کے باعث قرنطینہ میں ہیں، چین کے خلاف 0-2 سے فتح حاصل کرکے اگلے مرحلے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
نیدرلینڈز نے، جس کی پہلے ہی کوارٹر فائنلز میں جگہ یقینی ہے، برطانیہ کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی، میچ میں برطانوی گول کیپر میڈیلین ہینچ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تقریباً ایک درجن گول روکے۔
آسٹریلیا نے حریف ٹیم نیوزی لینڈ کو 0-1 سے شکست دی۔