اداکار سلمان فیصل نے بیوی سے طلاق کی خبروں پر وضاحت دے دی
زیادہ تر ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والی اداکارہ صبا فیصل کے بیٹے اداکار سلمان فیصل نے اہلیہ نیہا ملک سے طلاق کی خبروں پر وضاحت دے دی۔
سلمان فیصل اور نیہا ملک نے دو سال قبل شادی کی تھی اور حال ہی میں صبا فیصل کی جانب سے اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے ہمراہ بہو کے بغیر تصویر شیئر کیے جانے پر یہ افواہیں پھیلی تھیں کہ ان کی بہو کی طلاق ہوگئی۔
صبا فیصل نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بیٹی سعدیہ فیصل، بیٹے سلمان اور ارسلان سمیت شوہر اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر شیئر کی تھیں مگر ان تصاویر میں ان کی بہو دکھائی نہیں دی تھی۔
تصاویر میں سلمان فیصل کی بیوی کی غیر موجودگی پر مداحوں نے صبا فیصل پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈراموں کی طرح حقیقی زندگی کی بھی ولن قرار دیتے ہوئے کمنٹس کیے کہ نیہا ملک کی طلاق ہوگئی۔
اگرچہ لوگوں کے نامناسب کمنٹس پر صبا فیصل نے جوابات بھی دیے تھے لیکن زیادہ تر لوگوں نے دعویٰ کیا کہ سلمان فیصل کی بہن اور اس کی والدہ نے ان کی طلاق کروائی، کیوں کہ ان سے نیہا ملک کی محبت کی شادی برداشت نہیں ہوئی۔
لوگوں کی سخت تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر بھی چہ مگوئیاں پھیل گئیں کہ سلمان فیصل اور نیہا ملک کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے اور ان کی طلاق کی خبریں بھی ہیں۔
تاہم اب سلمان فیصل نے بھی ایسی خبروں پر وضاحت دے دی اور دعویٰ کیا کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی۔
سلمان فیصل نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں غلط خبریں پھیلانے والے افراد پر تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی۔
انہوں نے مختصر پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غلط افواہیں پھیلانا بند کریں اور تکلیف دہ کمنٹس بھی نہ کریں۔
سلمان فیصل کی پوسٹ کو لوگوں نے سراہا کہ انہوں نے وضاحت جاری کردی اور ساتھ ہی انہیں اپنی اہلیہ کا ساتھ دینے کا مشورہ بھی دیا۔
کئی لوگوں نے سلمان فیصل کو مشورہ دیا کہ اب انہیں اپنی والدہ کی گود سے نکل کر اہلیہ کا ساتھ دینا چاہیے، کیوں کہ وہ ان سے شادی اور محبت کی خاطر اپنے والدین کا گھر چھوڑ کر آئی ہیں۔
بعض مداحوں نے تو انہیں کھری کھری سنادی اور لکھا کہ آپ جیسے مرد حضرات کو اس وقت شادی نہیں کرنی چاہیے جب تک انہیں بیوی کے حقوق اور شادی کی اہمیت کا علم نہیں ہوجاتا۔
اگرچہ سلمان فیصل نے واضح کیا کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی لیکن ان کی اہلیہ نیہا ملک نے اس حوالے سے واضح طور پر کوئی پوسٹ نہیں کی تاہم انہوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک مبہم پوسٹ کی تھی۔
نیہا ملک نے اپنی مبہم پوسٹ میں لکھا کہ تھا کہ انسان سب سے پہلے اپنی سوچ کے آگے جنگ ہار جاتا ہے، جب وہ سوچتا ہے کہ شکست دائمی ہے تو وہ دائمی بن جاتی ہے مگر جب وہ سوچتا ہے کہ وہ عارضی ہے تو وہ عارضی بن جاتی ہے۔
انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی یا خاندانی مسائل کی کوئی بات کیے بغیر لکھا کہ اگر کوئی شخص یہ سوچ لے کہ اب حالات کبھی ٹھیک نہیں ہوں گے تو وہ کبھی درست نہیں ہوتے لیکن جب وہ سوچتا ہے کہ بہتری آئے گی تو حالات بہتر ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔
نیہا ملک کی مذکورہ پوسٹ پر بھی کئی لوگوں نے کمنٹس کیے اور انہیں مضبوط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیں۔