غنا علی اداکاروں کے کام کی غیر ملکی پیش کش سے متعلق انکشافات کرنے پر نالاں
اداکارہ اور ماڈل غنا علی نے سوال اٹھایا کہ بعض اداکار یا اداکارائیں وقت گزرنے کے بعد یہ انکشاف کیوں کرتے ہیں کہ انہیں بھارتی فلم یا کسی دوسرے منصوبے میں کام کی پیش کش ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے متعدد نامور اداکار و اداکارائیں انکشافات کرتے رہتے ہیں کہ انہیں بولی وڈ کی مقبول فلموں میں پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے اسے مسترد کردیا۔
غنا علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کسی بھی اداکار یا اداکارہ کا نام لکھے بغیر سوال اٹھایا کہ آخر اداکاروں کو کسی بھی ڈرامے میں کام نہ کرنے کے حوالے سے بعد میں انکشاف کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟
غنا علی نے مختصر انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ آخر اداکار یا اداکارائیں میڈیا کو بعد میں یہ کیوں بتاتے ہیں کہ انہیں فلاں ڈرامے یا فلم میں کام کی پیش کش ہوئی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آخر ایسی کون سی وجوہات ہیں جس کی وجہ سے اداکار کچھ عرصہ بعد یہ بتاتے ہیں انہیں فلاں ڈرامے میں مرکزی کردار کی پیش کش ہوئی تھی۔
اسی طرح انہوں نے سوال کیا کہ آخر اداکاروں کو یہ بھی بتانے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے کہ انہیں کسی بولی وڈ فلم میں کام کی پیش کش ہوئی تھی؟
انہوں نے کسی پر تنقید کرنے کے بجائے سوال کیا کہ آخر ایسے انکشافات کرنے کا سبب کیا ہے اور یہ کہ وہ صرف سوال پوچھ رہی ہیں؟
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسی احساس محرومی اور لوگوں کو تجسس میں ڈالنے کے خیالات سے باہر نکلیں۔
غنا علی نے کسی بھی اداکار یا ڈرامے و فلم کا نام لیے بغیر ہی پوسٹ کی، جسے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا۔
غنا علی کے سوال سے قبل متعدد پاکستانی اداکار اور اداکارائیں یہ انکشافات کر چکی ہیں کہ انہیں نہ صرف پاکستان کے مقبول ڈراموں یا فلموں میں مرکزی کرداروں کی پیش کش ہوئی تھی بلکہ بعض اداکار بولی وڈ فلموں کو ٹھکرانے کے دعوے بھی کرتے رہے ہیں۔
متعدد اداکار اور اداکارائیں ماضی میں دعوے کرتے رہے ہیں کہ انہیں بولی وڈ کی میگا بجٹ فلموں میں مرکزی کرداروں کی پیش کش ہو چکی ہے مگر وہ محب وطن ہونے کی وجہ سے مذکورہ پیش کش کو مسترد کر چکے ہیں۔