لائف اسٹائل

شادی سے پہلے ہی ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی، شہروز اور صدف کا اعتراف

دونوں نے مئی 2020 میں شادی کی تھی،ان کے درمیان 2019 میں تعلقات کی خبریں آئی تھیں مگر اس وقت انہوں نے خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

اداکار شہروز سبزواری اور سپر ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے شادی کے ایک سال بعد اعتراف کیا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں اس وقت ہی گرفتار ہوگئے تھے جب دونوں نے ایک ساتھ ایوارڈ شو میں پرفارمنس کی تھی۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں خاموشی سے شادی کرلی تھی۔

اس سے قبل ہی دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں اور ایسی خبروں کے 6 ماہ بعد ہی دونوں نے شادی کرلی اور اب ایک سال بعد انہوں نے تمام افواہوں کو سچ مان لیا۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول ’اے آر وائے نیوز‘ کے شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شریک ہوئے جہاں دونوں نے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے کی کہانی سنانے سمیت شادی کرنے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ ان کے درمیان 2019 میں ناروے میں ایک ایوارڈ شو میں پرفارمنس کرنے کے دوران ہی محبت پروان چڑھی تھی۔

دونوں نے بتایا کہ وہ جب ناروے میں ہونے والے ایوارڈ شو کے لیے ریہرسل کر رہے تھے تب پہلی مرتبہ ان کے درمیان رومانوی جذبات پیدا ہوئے۔

شہروز سبزواری نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کے بعد جب وہ پاکستان آئے تو انہوں نے صدف کنول کو بتا دیا تھا کہ وہ ان سے شادی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: صدف کنول کی وجہ سے شہروز اور سائرہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں

شہروز سبزواری نے بتایا کہ اس وقت ان کے حالات خراب چل رہے تھے، اس لیے انہوں نے صدف کنول کو پہلے ہی بتادیا تھا کہ وہ ان سے شادی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں صدف کنول کی سب سے اچھی بات ان کی سچائی لگی، وہ ہر بات اور جذبے میں خالص ہیں، وہ کبھی کچھ نہیں چھپاتیں، ان کی سچائی ہی انہیں سب سے زیادہ پسند آئی۔

مزید پڑھیں: شہروز سبزواری کی سائرہ سے علیحدگی کی تصدیق

اگرچہ شہروز سبزواری نے اعتراف کیا کہ ان کے اور صدف کنول کے درمیان ایوارڈ شو کی ریہرسل کے دوران ہی محبت پروان چڑھی لیکن انہوں نے اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ ان کے تعلقات ہی ان کی طلاق کا سبب بنے؟

اس وقت 2019 میں خبریں تھیں کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول کے درمیان تعلقات کی وجہ سے ہی سائرہ یوسف ان سے الگ ہوگئیں اور بعد ازاں دونوں میں اسی معاملے کی وجہ سے طلاق بھی ہوگئی۔

اس وقت ابتدائی طور پر شہروز سبزواری نے ایسی تمام خبروں کو مسترد کیا تھا لیکن افواہوں کے 6 ماہ بعد اور سائرہ یوسف سے طلاق کے تین ماہ بعد ہی انہوں نے صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔

اور اب ان سے شادی کے ایک سال بعد انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ دراصل صدف کنول سے ان کی محبت ایوارڈ شو کی ریہرسل کے دوران ہی پروان چڑھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: افواہیں حقیقت میں تبدیل، شہروز سبزواری اور صدف کنول ایک ہوگئے

شہروز سبزواری اور صدف کنول کے اعتراف کے بعد ان کے تعلقات سے متعلق ہونے والی تمام چہ مگوئیاں ثابت ہوگئیں۔

سادگی سے شادی کیے جانے کے سوال پر صدف کنول نے بتایا کہ دراصل ان کی خواہش تھی کہ وہ جب بھی شادی کریں گی تو سادگی سے ہی کریں گی۔

انہوں نے بھی بتایا کہ دراصل شہروز سبزواری کی سچائی ہی انہیں بہت پسند آئی، جس وجہ سے وہ ان سے شادی کے لیے راضی ہوئیں۔

خیال رہے کہ صدف کنول سے قبل شہروز سبزواری نے سائرہ یوسف سے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کو 6 سالہ بیٹی نورے بھی ہے۔

شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف میں مارچ 2020 میں طلاق ہوگئی تھی اور مئی 2020 میں اداکار نے صدف کنول سے دوسری شادی کی تھی۔

طلاق کے بعد شہروز اور سائرہ جلد فلم میں ساتھ نظر آئیں گے

سائرہ اور شہروز سبزواری کے درمیان طلاق ہوگئی

صدف و شہروز سبزواری پہلی بار کب ملے، کب دونوں میں پیار ہوا؟