برٹنی اسپیئرز کے والد کا بیٹی کے تشدد کے الزامات کی تفتیش کا مطالبہ
امریکی گلوکارہ و اداکارہ 39 سالہ برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز نے بیٹی کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات پر عدالت میں درخواست دیتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کردیا۔
برٹنی اسپیئرز نے گزشتہ ماہ 23 جون کو امریکی عدالت میں بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ان کے حقیقی والد انہیں تکلیف دے کر خوش ہوتے ہیں اور ان کی تضحیک ان کے والد کو پرسکون رکھتی ہے۔
گلوکارہ کے مطابق ان کی ’سرپرستی‘ کا نظام ایک طرح سے انہیں غلامانہ زندگی پر مجبور کر رہا ہے، اس لیے مذکورہ سسٹم کو ختم کرکے انہیں ان کی زندگی پر اختیار دیا جائے۔
برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز 2008 سے اداکارہ کے (conservator) یعنی قانونی طور پر ’سرپرست‘ ہیں اور اداکارہ گزشتہ دو سال سے والد کی مذکورہ حیثیت ختم کروانے کے لیے کوشاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرپرستی ختم کرکے مجھے اپنی زندگی پر اختیار دیا جائے، برٹنی اسپیئرز
برٹنی اسپیئرز کے والد کو امریکی عدالت نے 2008 میں اس وقت گلوکارہ کا ’سرپرست‘ مقرر کیا تھا جب کہ اداکارہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی اور وہ اپنے فیصلے بھی کرنے کے اہل نہیں تھیں۔
گزشتہ 13 سال سے والد ہی اداکارہ کے تمام معاملات دیکھ رہے ہیں اور برٹنی اسپیئرز والد کی اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتیں، یہاں تک کہ وہ کسی شو میں پرفارمنس یا کسی مرد سے تعلقات بھی اپنے والد کی مرضی سے استوار کرنے کی پابند ہیں۔
برٹنی اسپیئرز مذکورہ ’سرپرستی‘ کے نظام کو گزشتہ برس سے ختم کروانے کے لیے کوشاں ہیں اور اسی سلسلے میں 23 جون کو ہونے والی سماعت میں انہوں نے پہلی بار بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کئی انکشافات کیے تھے۔
بیٹی کی جانب سے انکشافات کیے جانے کے بعد جمی اسپیئرز کے وکلا نے لاس اینجلس کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے برٹنی کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز‘ کے مطابق جیمی اسپیئرز کے وکلا نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ گلوکارہ کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات کی تفتیش کروائی جائے۔
جمی اسپیئرز نے اپنی درخواست میں بیٹی کی تکلیف دہ زندگی پر دکھ کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ بطور والد وہ بیٹی کے لیے پریشان ہیں۔
اداکارہ کے والد نے اپنی درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ اس بات کی بھی تفتیش کی جائے کہ ان کی بیٹی کی ’سرپرستی‘ ایک فرم کو کرنی چاہیے یا نہیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ گلوکارہ کے والد کی درخواست پر عدالت ممکنہ طور پر برٹنی اسپیئرز کی جانب سے کیے گئے دعووں کی تفتیش کا حکم دے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔