لائف اسٹائل

سونیا حسین اور فیروز خان کی شرمین عبید چنائے پر تنقید

ایوارڈ یافتہ فلم ساز نے سونیا حسین کے ماہرہ خان سے متعلق ایک پرانے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پرانے معاملے پر خود پر تنقید کیے جانے کے بعد اداکارہ سونیا حسین نے شرمین عبید چنائے کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زبان کسی طرح بھی ایوارڈ یافتہ فلم ساز جیسی نہیں لگتی۔

ان کے ساتھ ہی اداکار فیروز خان نے بھی شرمین عبید چنائے پر تنقید کرتے ہوئے انہیں دوسروں کے پیسے کھا جانے والی قرار دیا ہے۔

شرمین عبید چنائے نے سونیا حسین کی جانب سے ماہرہ خان کے حوالے سے کہی گئی پرانی بات پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

چند دن قبل سونیا حسین کے ایک پرانا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں انہوں نے ماہرہ خان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیا تھا۔

سونیا حسین نے تین سال قبل ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر وہ ماہرہ خان ہوتیں تو بولی وڈ فلم ’رئیس‘ میں کام نہ کرتیں۔

سونیا حسین نے مذکورہ بیان اگست 2018 میں ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام یاسر حسین کے شو کے ایک سیگمنٹ میں دیا تھا۔

پروگرام کے میزبان نے سونیا حسین سے پوچھا تھا کہ اگر وہ ماہرہ خان ہوتیں تو کون سی فلم میں کام نہ کرتیں اور پھر میزبان نے انہیں آپشن کے طور پر ماہرہ خان کی تین فلموں ’ورنہ، رئیس اور ہو من جہاں‘ کے نام بتائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سونیا حسین کے پرانے بیان سے شرمین عبید چنائے ناخوش

سونیا حسین نے جواب میں کہا تھا کہ اگر وہ ماہرہ خان ہوتیں تو بھارتی فلم ’رئیس‘ میں کام نہ کرتیں، جس پر میزبان نے ان سے تعجب سے پوچھا تھا کہ وہ بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ کیوں کام نہ کرتیں؟

جس پر سونیا حسین نے واضح کیا تھا کہ اس لیے کہ انہیں لگتا ہے کہ اداکار کو اپنا کردار دیکھ کر اداکاری کرنی چاہیے، نہ کہ صرف ہیرو کی سائیڈ میں رہنے کی وجہ سے کردار ادا کرنا چاہیے۔

سونیا حسین کے مذکورہ بیان کے دوبارہ وائرل ہونے پر شرمین عبید چنائے نے سوشل میڈیا پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کے بیان پر ناخوشی کا اظہار کیا تھا اور انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ خود کو ماہرہ حسین سے تشبیح نہ دیں۔

شرمین عبید چنائے نے سونیا حسین کے لیے لکھا تھا کہ وہ خود کو ماہرہ خان سے تشبیہ نہ دیں، وہ کبھی بھی ماہرہ خان نہیں بن سکتیں، اس لیے انہیں ایسا کہنے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

شرمین عبید چنائے نے سونیا حسین کو مزید ہدایات دیتے ہوئے لکھا تھا کہ انہیں انڈسٹری میں موجود دوسری خواتین کی ایسے بے ادبی نہیں کرنی چاہیے، کیوں کہ ایسی بات کرنے سے ان کی پرورش کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔

شرمین عبید چنائے کے بیان کے بعد اب سونیا حسین نے انہیں جواب دیتے ہوئے ان کی باتوں کو یک طرفہ قرار دیا ہے۔

سونیا حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ایک خاتون کی عوام کے سامنے توہین کرنا اور دوسری خاتون کی تعریفیں کرنے سے لگتا ہے کہ وبا نے لوگوں کو معاملے کی پوری بات کو سمجھے بغیر توہین کرنے کے لیے زیادہ وقت فراہم کیا ہے۔

سونیا حسین نے وضاحت کہ کہ ان سے ایک سوال پوچھا گیا تھا اور انہوں نے اظہار رائے کی آزادی کا استعمال کرتے ہوئے ایک جواب دیا۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی اسٹوری میں شرمین عبید چنائے کو مینشن کرتے ہوئے ان پر واضح کیا کہ ان کے الفاظ کا چناؤ درست نہیں تھا اور ان کے بات کرنے کے انداز سے بھی ایسا نہیں لگا کہ وہ ایوارڈ یافتہ فلم ساز ہیں۔

سونیا حسین نے وضاحت کی کہ انہیں ماہرہ خان بننے کی خواہش نہیں ہے، وہ بہترین اداکارہ ہیں اور یہ کہ ان کی اپنی حیثیت اور اہمیت ہے۔

فیروز خان کی شرمین عبید چنائے پر سخت تنقید

اداکار فیروز خان نے بھی سونیا حسین کی حمایت کرتے ہوئے ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے پر سخت تنقید کی اور انہیں دوسروں کے پیسے کھا جانے والی قرار دیا۔

فیروز خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مذکورہ معاملے پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے یوٹیوب پر ایک ایسی ویڈیو دیکھی، جس میں ایک خاتون دعویٰ کر رہی تھیں کہ شرمین عبید چنائے نے ان پر فلم بنائی اور آسکر ایوارڈ جیتا مگر بدلے میں انہیں کچھ نہیں دیا گیا۔

فیروز خان نے مزید لکھا کہ لیکن اب وہ دوسروں کی پرورش پر بات کر رہی ہیں۔

اداکار نے سونیا حسین کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے لوگ آپ کی تقدیر یا شناخت کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے سونیا حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’لائق اولاد کے سارے باپ ہوتے ہیں‘۔

فیروز خان نے مذکورہ اسٹوری میں شرمین عبید چنائے کی آسکر ایوارڈ وصول کرتے وقت کی تصویر بھی شیئر کی۔

دو مختلف حملوں میں پاک فوج کے 5 جوان شہید، 5 زخمی

پیٹرولیم ڈویژن، نیب کو لگام ڈالنے کا خواہاں

دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملے سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کردیے