لائف اسٹائل

ہنی مون سے واپسی پر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے، حریم شاہ

اگلے ہفتے شوہر کے ساتھ ہنی مون کے لیے ترکی جا رہی ہوں، اس وقت تک شوہر پہلی بیوی کو بھی منالیں گے، ٹک ٹاک اسٹار

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی و صوبائی وزیر سے شادی کا دعویٰ کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنے ہونے والے شوہر کی شناخت سے متعلق مزید کچھ تفصیلات بتائی ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے ان کا نام خفیہ رکھا ہے۔

ساتھ ہی حریم شاہ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ہفتے 4 جولائی کو ہنی مون کے لیے ترکی جا رہے ہیں اور وہاں سے واپسی پر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ وہ اپنے دلہے میاں کی شناخت کو خفیہ رکھنے پر مجبور ہیں، کیوں کہ ان کے شوہر نے ان سے دوسری شادی کی ہے اور انہوں نے پہلی بیوی سے اجازت نہیں مانگی۔

ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں بتایا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں پہلی بیوی کو منالیں گے، جس کے بعد ہی وہ اپنے شوہر کی تفصیلات اور شادی کی ویڈیوز و تصاویر بھی جاری کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کھلے ذہن کی مالک ہیں اور وہ کوئی بھی چیز خفیہ رکھنے کے حق میں نہیں ہیں، انہوں نے نکاح کیا ہے، کوئی چوری نہیں کی مگر وہ شوہر کی جانب سے پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے کی وجہ سے اپنے جیون ساتھی کی شناخت چھپانے پر مجبور ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر عمر میں ان سے کافی بڑے ہیں اور وہ نہ صرف رکن اسمبلی ہیں بلکہ صوبائی وزیر اور متحرک سیاستدان بھی ہیں، وہ ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے شادی کرلی؟

انہوں نے اپنے شوہر کی وزارت اور انتخابی حلقے کی تفصیلات سمیت ان کا آبائی ضلع یا علاقہ بتانے سے بھی گریز کیا لیکن بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں مقیم ہیں۔

حریم شاہ کے مطابق ان کی صوبائی وزیر سے شادی سے متعلق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو علم نہیں ہوگا لیکن ان کے قریبی دوستوں اور پارٹی رہنماؤں کو علم ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ ان کی شادی میں پیپلز پارٹی کی ایک خاتون سینیٹر نے بھی شرکت کی تھی اور وہ بھی ان کے شوہر کی قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں۔

حریم شاہ کے مطابق جہاں تک انہیں معلومات ہے کہ ان کی شادی کی خبر بلاول بھٹو زرداری کو نہیں ہے اور نہ ہی ان کی شادی کی خبر ان کے شوہر کی پہلی بیوی کو ہے مگر ان کے جیون ساتھی ایک ہفتے میں پہلی بیوی کو راضی کرلیں گے جس کے بعد وہ تمام معلومات عام کردیں گی۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ شوہر کے ساتھ 4 جولائی کو ترکی جائیں گے، جہاں سے واپسی پر وہ کراچی میں ہی ولیمے کی تقریب رکھیں گی۔

خیال رہے کہ حریم شاہ نے ایک دن قبل ہی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پچھلے ہفتے ہی پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی و صوبائی وزیر سے شادی کرلی لیکن انہوں نے شوہر کی شناخت خفیہ رکھی تھی۔

حریم شاہ کے دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماؤں کے ساتھ ان کی تصاویر شیئر کرکے انہیں ان کے شوہر کے طور پر پیش کیا گیا، جس کے بعد پی پی رہنماؤں نے تردید کی۔

ابتدائی طور پر میرپورخاص سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے سید ذوالفقار علی شاہ نے حریم شاہ سے منسوب خبروں کو مسترد کیا تھا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے بھی حریم شاہ سے متعلق خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا جب کہ مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے بھی اپنے حوالے سے ایسی خبروں کو مسترد کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر مختلف لوگوں کو ٹک ٹاک اسٹار کا شوہر بنا کر پوسٹس کرنے کے بعد حریم شاہ نے بھی ویڈیو پیغام میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ایرے غیرے شخص کو ان کے شوہر کے طور پر پیش نہ کیا جائے اور افواہوں سے گریز کریں۔

رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ نے حریم شاہ سے منسوب خبروں کو مسترد کردیا

سعید غنی، مرتضیٰ وہاب کی حریم شاہ سے شادی کی خبروں پر وضاحت

ہر 'ایرے غیرے شخص' کو شوہر بناکر پیش کرنے پر حریم شاہ برہم