صبا قمر انٹرویو دینے سے گریز کیوں کرتی ہیں؟

اداکارہ حال ہی میں ایک شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر، خوبصورتی اور ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

سوشل میڈیا پر بے باک انداز اپنانے والی اداکارہ صبا قمر یوں تو ہر وقت ہی خبروں کا حصہ رہتی ہیں لیکن عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ وہ زیادہ تر انٹریوز دینے سے گریز کرتی ہیں۔

اگرچہ خود سے متعلق کسی بھی تنازع کے سامنے آنے پر صبا قمر سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے وضاحت کردیتی ہیں لیکن وہ ایسے معاملات کے لیے ویب سائٹس یا نیوز چینل کو انٹرویوز نہیں دیتیں۔

اداکارہ کی جانب سے کم انٹرویوز دیے جانے کی وجہ سے ہی بہت زیادہ لوگ ان سے متعلق بہت ساری باتیں نہیں جانتے اور ان کے حوالے سے افواہیں بھی پھیلتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں صبا قمر اداکار و میزبان واسع چوہدری کے شو ‘گھبرانا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر اور سوشل میڈیا پر اپنی مصروفیات پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی بتایا کہ وہ زیادہ تر انٹرویوز کیوں نہیں دیتیں۔

صبا قمر نے شو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے خیال میں ہر اداکار کو رومانوی ہونا چاہیے، کیوں کہ اگر اداکار رومانوی نہیں ہوگا تو وہ نہ صرف اچھی اداکاری سے محروم ہوگا بلکہ وہ کسی مداح سے پیار حاصل کرنے اور کسی کو محبت دینے سے بھی محروم رہے گا۔

صبا قمر نے سوشل میڈیا پر اپنی 5 سال پرانی تصاویر اور حالیہ تصاویر میں فرق کے حوالے سے کہا کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ انسان بہت کچھ سیکھتا ہے، اس لیے ماضی میں ان کی تصاویر سے جو شوخی اور بچکانہ تصور دکھتا تھا اب وہ نہیں نظر آتا۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو ایک سفر بھی تبدیل کردیتا ہے، عام طور پر جو شخص کسی جگہ گھومنے جاتا ہے تو اس کی سوچیں کچھ اور ہوتی ہیں اور واپسی پر وہ تبدیل ہو چکا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایوارڈز سے زیادہ اہم میرے لیے مداح ہیں، صبا قمر

پروگرام کے ایک سیگمنٹ نے انہوں نے اداکارہ مہوش حیات، بلال اشرف اور سرمد کھوسٹ سمیت دیگر اداکاروں سے فون پر مشورہ مانگا کہ اگر انہیں کسی فلم کے کردار کے لیے اپنے سر کے بال منڈوانے پڑیں تو کیا وہ بالوں کی قربانی دے دیں؟

صبا قمر کے سوال پر بلال اشرف نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ آج کل میک اپ کے ذریعے مصنوعی گنجا بھی بنایا جاتا ہے، اس لیے وہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال کریں جب کہ سرمد کھوسٹ نے اداکارہ کو تجویز دی کہ وہ کردار کے لیے بالوں کی قربانی دے دیں۔

مہوش حیات نے بھی اداکارہ کو کہا کہ اگر وہ قربانی دینا چاہتی ہیں تو دے دیں اور ساتھ ہی کہا کہ ایسا فیصلہ بہادری کا فیصلہ ہوگا۔

پروگرام کے دوران صبا قمر نے بولی وڈ کے مرحوم اداکار عرفان خان کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا اور آج بھی ان کی بہت ساری باتیں انہیں یاد آتی ہیں۔

صبا قمر نے بتایا کہ عرفان خان کے ساتھ بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے موقع پر ایک عید انہوں نے بھارت میں گزاری تھی اور عید پر انہوں نے عرفان خان سے عیدی مانگی تھی تو انہوں نے اداکارہ کو عیدی دی تھی، جسے آج بھی اداکارہ نے سنبھال کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کا فوری طور پر عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا فیصلہ

اپنی خوبصورتی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں صبا قمر نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ ان کی خوبصورتی کا راز ’بس ذرا سا‘ ہے اور ساتھ ہی کہا کہ دراصل خوبصورتی دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتی ہے، اس لیے وہ دوسروں کو خوبصورت لگتی ہیں۔

میڈیا کو زیادہ انٹرویوز نہ دینے کے جواب میں صبا قمر نے بتایا کہ ان کی شروع سے ہی انٹرویوز دینے کی عادت نہیں ہے، کیوں کہ میڈیا میں سینسرشپ بہت ہے، اس لیے انہوں نے مداحوں سے سچی باتیں کرنے کے لیے اپنا یوٹیوب چینل کھولا، جس پر وہ مداحوں سے ذاتی زندگی کی باتیں بھی آزادی سے کرتی ہیں۔

ویب سیریز کو سراہنے پر ایکتا کپور، پاکستانی اداکارہ اریبہ حبیب کی مشکور

کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ملائیکا اروڑا پر کیا گزری؟

پاکستان کا پہلا ملٹری ریئلٹی شو نشر ہونے کے لیے تیار