مایوس کن پوسٹ کے بعد بھارتی اداکار کی کورونا سے موت
بھارتی اداکار و یوٹیوبر راہول ووہرا عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس کے باعث 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
انتقال سے قبل راہول ووہرا نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے کورونا وائرس اور اس کے علاج سے متعلق ایک مایوس کن پوسٹ کی تھی۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ہدایت کار اور لکھاری اروند گوہر نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے راہول ووہرا کے انتقال کی تصدیق کی۔
مزید پڑھیں: دو ہفتوں میں کورونا سے بھارت کی 16 معروف شوبز شخصیات ہلاک
انہوں نے لکھا تھا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد سے انہیں اس سے ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
بعدازاں ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ' راہول ووہرا اب نہیں رہے، میرے باصلاحیت اداکار اب نہیں رہے'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ' گزشتہ روز راہول نے بتایا تھا کہ اگر انہیں بھی بہتر علاج میسر ہوتا تو ان کی زندگی بچ سکتی تھی'۔
اروند گوہر نے کہا کہ' راہول کو گزشتہ شام دوارکا میں آیوشمان منتقل کیا گیا تھا لیکن ہم انہیں نہیں بچاسکے، برائے کرم ہمیں معاف کردیں، ہم سب آپ کے مجرم ہیں'۔
اپنی آخری پوسٹ میں راہول ووہرا نے لکھا تھا کہ 'مجھے بھی اچھا علاج مل جاتا تو میں بھی بچ جاتا، تمہارا راہول ووہرا'۔
گزشتہ ہفتے راہول ووہرا نے ایک فیس بک شیئر کی تھی جس میں اپنے لیے ایک آکسیجن سلنڈر کی فراہمی کے لیے مدد طلب کی تھی۔
انہوں نے لکھا تھا کہ 'میں کووڈ پازیٹو ہوں، ہسپتال میں داخل ہوں، لگ بھگ 4 دن سے لیکن کوئی ریکوری نہیں ہوں'۔
راہول ووہرا نے لکھا تھا کہ 'کیا کوئی ایسا ہسپتال ہے؟ جہاں آکسیجن مل جائے کیونکہ یہاں میرا آکسیجن لیول مسلسل کم ہورہا ہے اور کوئی دیکھنے والا نہیں'۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ 'میں بہت مجبور ہوکر یہ پوسٹ کر رہا ہوں کیونکہ کچھ سنبھال نہیں پارہے'۔
یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹھی کے اہلخانہ کورونا وائرس کا شکار
اترکھنڈ سے تعلق رکھنے والے اداکار راہول ووہرا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بہت زیادہ مقبول تھے۔
خیال رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھارت میں جہاں عام افراد وبا سے غیر محفوظ ہیں، وہیں سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات بھی بڑی تیزی سے اس کا شکار ہو رہی ہیں اور وہاں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 اداکار کورونا کے باعث چل بسے۔
بھارت اس وقت کورونا کی دوسری لہر کے دوران بدترین حالات کا شکار ہے اور وہاں گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ 2 سے ساڑھے تین ہزار افراد وبا کے باعث ہلاک ہو رہے ہیں۔