کھیل

ہرارے ٹیسٹ: نعمان کی 5 وکٹیں، زمبابوے اننگز کی شکست کے دہانے پر

زمبابوے کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 132 رنز پر آؤٹ ہوئی جبکہ دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 220 رنز بنائے اور 158 رنز خسارے کاسامنا ہے۔

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ کے بعد زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 132 رنز پر آؤٹ کرکے فالوآن کیا جبکہ دوسری اننگز میں 220 رنز پر 9 وکٹیں حاصل کرلیں اور جیت کے لیے محض ایک وکٹ درکار ہے۔

ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز جب زمبابوے نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو ان کا اسکور 4 وکٹوں پر 52 رنز تھا۔

ریگس چکابوا 28 اور ٹینڈائی چیسورو ایک رن بنا کر کھیل رہے تھے لیکن ایک رن کے اضافے کے ساتھ ہی حسن علی نے چیسورو کی وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کا اسکور 68 رنز پر پہنچاتھا تو چھٹی وکٹ بھی گرگئی جب حسن علی نے ریگس چیکابوا کی 33 رنز کی انفرادی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ لیوک جونگوے بھی جلد ہی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

ڈونلڈ ٹریپانو اور روئے کائیا نے اچھی شراکت قائم کی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرتے ہوئے اسکور 108تک پہنچایا لیکن ساجد خان نے تریپانو کو 23 رنز سے آگے بڑھنے نہیں دیا۔

روئے کائیابھی 110 رنز پر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 11 رنز بنائے تھے، آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز بلیسنگ مزربانی تھے جو 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ رچرڈ نیگاروا نے آؤٹ ہوئے بغیر 15 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔

پاکستان نے میزبان ٹیم کو فالوآن کروانے کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کا دوسری اننگز میں آغاز اچھا نہیں تھا اورپہلی وکٹ 13 رنز پر تریسائی مساکانڈا کی صورت میں گری۔

شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔

زمبابوے کو دوسری اننگز میں فالوآن کے بعد پہلی اننگز کے خسارے کو برابر کرنے کے لیے مزید 378 رنز درکار تھے لیکن آغاز مایوس کن تھا اورپہلی وکٹ 13 رنز پر گری جب شاہین شاہ آفریدی نے مساکانڈا کو آؤٹ کیا۔

زمبابوے کے وکٹ کیپر ریگس چیکابوا اور کپتان برینڈن ٹیلر نے مزاحمت ضرور کی لیکن نعمان علی اور شاہین شاہ نے ان کے ارادے خاک میں ملا دیے۔

شاہین شاہ آفریدی نے ٹیلر کی وکٹ 142 کے اسکور پر گرادی اور انہیں اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کا موقع بھی نہیں دیا۔

ریگس چیکابوا نے سب سے زیادہ 80 رنز کی اننگز کھیلی لیکن نعمان علی نے انہیں 170 کے مجموعے پر چلتا کردیا۔

زمبابوے کی پانچویں وکٹ 188 کے اسکور پر گری، ملٹن شمبا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نعمان علی نے اننگز کے 55 ویں اوور میں زمبابوے کی وکٹوں کی لائن لگتے ہوئے دو بلے بازوں کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔

لیوک جونگوے نے 31 رنز بنائے اور وکٹ پرموجود ہیں جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے مزربانی صفر پر کھیل رہے ہیں۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان کو سیریز میں 0-2 سے کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی جبکہ زمبابوے کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 158 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 510 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردیا تھا.

پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے.

عینی شاہد نے چار ٹک ٹاکرز کے قتل میں ملوث ملزم کو شناخت کرلیا

اسرائیلی فورسز کا مسجد اقصیٰ کے قریب فلسطینیوں پر دوسرے روز بھی بدترین تشدد، درجنوں زخمی

ملاکنڈ کی پہلی خاتون پولیس افسر شازیہ اسحٰق