لائف اسٹائل

بھارت میں کورونا بحران: پاکستانیوں کی ہمدردی پر کنگنا رناوٹ کا اظہار مسرت

کنگنا اکثر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے شہ سرخیوں کا حصہ رہتی ہیں مگر اس بار انہوں نے پاکستانی شہریوں کی ہمدردی کو سراہا ہے۔

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو تنگ نظر، ڈراما کوئین اور اسکینڈل کوئین بھی کہا جاتا ہے جو اکثر متنازع بیانات دیتی رہتی ہیں۔

کنگنا رناوٹ نے ماضی میں پاکستان کے خلاف بھی کئی بار بیانات دیئے ہیں تاہم اس بار انہوں نے ایک ٹوئٹ میں پاکستانی شہریوں کو سراہا ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس سے یومیہ کیسز اور ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ آکسیجن کی قلت پر پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے پڑوسی ملک کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے وزیراعظم عمران خان پر زور دیا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر بھارت کے لیے امداد بھیجیں۔

اس حوالے سے کئی ٹرینڈز بھی سامنے آئے جن میں سے ایک پاکستان اسٹینڈ وڈ ود انڈیا بھی تھا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس ٹرینڈ کے حوالے سے کنگنا رناوٹ نے ایک ٹوئٹ پوسٹ کیا۔

اداکارہ نے لکھا 'پاکستان میں #PakistanstandswithIndia کو ٹاپ ٹرینڈ دیکھنا خوش کن ہے، ہمیں اس آزمائش کے وقت میں پاکستانیوں کی ہمدردی کا اعتراف کرنا چاہیے'۔

بھارت میں 24 اپریل کو کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں میں 2624 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ ملک بھر میں آکسیجن کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

آکسیجن کے ساتھ ساتھ جان بچانے والی ادویات اور ہسپتالوں میں بستروں کی قلت سے بھی ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

اس سے قبل کنگنا رناوٹ نے ایک ٹوئٹ میں خون میں آکسیجن میں کمی کا ایک حل بھی پیش کیا تھا۔

اداکارہ نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ایک خاتون گہرے سانس لے رہے تھی اور لکھا 'ہر ایک جس کو آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے، اسے ایسا کرنا چاہیے، شجرکاری اس مشکل کا مستقل حل ہے، اپنے کپڑوں کو ری سائیکل کرنا، ماحول دوست غذا کا استعمال اور سادہ زندگی مستقل حل ہیں، جو اس وقت مددگار ثابت ہوسکتے ہیں'۔

کنگنا نے موجودہ صورتحال کی وجہ بھارت کی زیادہ آبادی کو قرار دیا تھا۔

بھارت: عالمی وبا کی سنگین صورتحال کے باعث نظام صحت متاثر، متعدد ہسپتالوں میں آکسیجن ختم

بھارت میں کورونا کی سنگین صورتحال، پاکستانیوں کا وزیراعظم سے امداد بھیجنے پر زور

بھارت میں کورونا وائرس بحران کی صورت اختیار کرگیا