کورونا وائرس سے متاثرہ اداکارہ سنبل شاہد کی حالت تشویشناک
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد جو گزشتہ دنوں کورونا سے متاثر ہوئی تھیں اب تشویشناک حالت کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔
سنبل شاہد کی بہن اور اداکارہ اسما عباس نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا۔
اسما عباس نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ 'میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔
مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری کی بہن کورونا وائرس سے متاثر
اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی۔
دوسری جانب اداکار اسد صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں مداحوں سے سنبل شاہد کی صحتیابی کی اپیل کی۔
اسد صدیقی نے لکھا کہ 'آپ سب سے درخواست ہے کہ اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن سنبل شاہد کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'وہ وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ ہم سب کو محفوظ اور تندرست رکھے'۔
خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے آگاہ کیا تھا۔
بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: اداکار علی عباس بھی کورونا وائرس سے متاثر
انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا تھا کہ 'چار چاند سلامت رہیں آمین'۔
خیال رہے کہ سال 2020 میں کورونا کی پہلی لہر کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔
گزشتہ دنوں گلوکار جواد احمد میں دوسری مرتبہ کورونا کی تشخیص ہوئی ان سے قبل رواں برس ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس، اداکار علی رحمٰن اور علی عباس کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ دسمبر میں اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ان سے قبل اداکار بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انہیں 9 دسمبر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔
ان دنوں پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے 5 ہزار 857 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 98وبا سے انتقال کرگئے۔