لائف اسٹائل

بشریٰ انصاری کی بہن کورونا وائرس سے متاثر

سینئر اداکارہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد بھی عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے متاثر ہوگئیں۔

سنبل شاہد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر بشری انصاری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی۔

اپنی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے اپنی بہن میں کورونا کی تشخیص سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: گلوکار جواد احمد دوسری بار کووڈ 19 سے متاثر

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں'۔

انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا کہ 'چار چاند سلامت رہیں آمین'۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری کی 3 بہنیں ہیں جن کے نام اسما عباس، سنبل شاہد اور نیلم بشیر ہیں اور وہ بھی شوبز سے وابستہ ہیں۔

خیال رہے کہ سال 2020 میں کورونا کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

چند روز قبل گلوکار جواد احمد میں دوسری مرتبہ کورونا کی تشخیص ہوئی ان سے قبل رواں برس ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس، اداکار علی رحمٰن اور علی عباس کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ دسمبر میں اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکار علی عباس بھی کورونا وائرس سے متاثر

ان سے قبل اداکار بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انہیں 9 دسمبر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

بہروز سبزواری کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ایک دن قبل ہی اداکارہ نیلم منیر نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیلم منیر سے قبل میزبان و رکن اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میزبان و اداکارہ طوبیٰ عامر میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا بھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خواتین کی جسامت کے موضوع پر بنے ڈرامے ’اوئے موٹی‘ کو تنقید کا سامنا

صحیفہ جبار کا شوبز شخصیات کو اپنی استعمال شدہ چیزیں فروخت کرنے کا مشورہ

وزیراعظم کے عریانیت کے بیان پر شوبز شخصیات منقسم