کھیل

بائیوسیکیور ببل کی ناکامی: پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیکل مستعفی

چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سی ای او وسیم خان ڈاکٹر سہیل سلیم کے استعفے کے متعلق فیصلہ کریں گے، ترجمان کرکٹ بورڈ
|

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران بائیوسیکیور ببل کی ناکامی اور لیگ کے ملتوی ہونے پر سوالات اٹھائے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر اسپورٹس سائنس اور میڈیکل نے استعفیٰ دے دیا۔

ترجمان پی سی بی نے تصدیق کی کہ ڈائریکٹراسپورٹس سائنس اور میڈیکل ڈاکٹر سہیل سلیم نے اپنا استعفیٰ بورڈ کو بھجوا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سی ای او وسیم خان ڈاکٹر سہیل سلیم کے استعفے کے متعلق فیصلہ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں بائیوسیکیور ببل کی ناکامی پر ڈاکٹر سہیل سلیم پر شدید تنقید کی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہوئی، نجم سیٹھی

رپورٹس میں کہا گیا کہ کرکٹ بورڈ میں اندرونی سطح پر بھی ڈاکٹر سہیل کو تنقید کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے دو روز قبل پی ایس ایل میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشان دہی پر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی نے کہا تھا کہ پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوئل اجلاس کے بعد بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کیلئے ممکنہ منصوبہ تیار

بعد ازاں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 6 کو مناسب تاریخ پر گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے التوا کی تصدیق کرتا ہوں کہ پی ایس ایل 6، نئی تاریخوں کے سامنے آنے تک ملتوی کردی گئی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ساتھ کرکٹ کے شائقین، اسٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔

18 جی بی ریم سے لیس دنیا کا پہلا اسمارٹ فون متعارف

ہوا میں 'اڑتے' بحری جہاز کی تصاویر وائرل

وزیر اعظم پر اعتماد کا ووٹ: نوٹ کو عزت دو کا منہ ایک مرتبہ پھر کالا ہوا، شبلی فراز