لائف اسٹائل

ڈیزائنر ٹین فرانس کا شو برانڈ ایٹمز کے ساتھ اشتراک

ٹین فرانس پاکستانی نژاد ہیں جبکہ ایٹمز برانڈ امریکا میں مقیم پاکستانی جوڑے کی ملکیت ہے۔

اسنیکرز بنانے والی کمپنی ایٹمز نے جوتوں کا اسپیشل ایڈیشن جاری کرنے کے لیے پاکستانی نژاد امریکی فیشن ڈیزائنر ٹین فرانس (تنویر وسیم) کے ساتھ اشتراک کرلیا۔

خیال رہے کہ ٹین فرانس پاکستانی نژاد ہیں جبکہ ایٹمز برانڈ امریکا میں مقیم پاکستانی جوڑے کی ملکیت ہے۔

ان کے جوتوں کے نئے ایڈیشن کی پری-سیل 23 فروری سے 2 مارچ تک جاری رہے گی۔

کمپنی کے مطابق ان شوز میں اسٹائلنگ میں مہارت رکھنے والے ٹین فرانس کی پسندیدہ چیزیں، ایٹمز کے الٹر-آرام سفید اسنیکرز ایک ساتھ ہوں گے۔

ٹین فرانس، ویب سیریز کویر آئی کے جنوبی ایشیائی میں بہت زیادہ مقبول ہیں کیونکہ وہ پاکستانی نژاد ہیں۔

ان کا نام تنویر ہے اور ان کے والد کا تعلق پاکستان سے جبکہ والدہ کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے لہذا جب بھی ان کے مداح پاکستان سے متعلق ان کے خیالات جاننے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ زیادہ جاننا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ ہیلو پاکستان کو دیے گئے انٹرویو میں جب ان سے پاکستانی ڈیزائنرز سے متعلق پوچھا گیا تھا تو ٹین فرانس نے کہا تھا کہ انہوں نے نوٹ کیا ہے کہ پاکستانی ڈیزائنرز، بھارتیوں کے مقابلے میں سوشل میڈیا اتنے اچھے طریقے سے استعمال نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب انہوں نے ایمی ایوارڈز میں بھارتی ڈیزائنرز کا تیار کردہ لباس پہنا تھا تو ان پر بہت زیادہ تنقید بھی ہوئی تھی۔

ٹین فرانس نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے بڑے ڈیزائنرز کو نہیں جانتے کیونکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اتنے فعال نہیں لہذا ان کے لیے انتخاب مشکل ہوجاتا ہے۔

تاہم اب انہوں نے ایٹمز کے ساتھ اشتراک کیا ہے جس کی کہانی ہیومنز آف نیویارک نے اجاگر کی تھی۔

خیال رہے کہ ایٹمز کی بنیاد سدرہ قاسم اور وقاص علی نے رکھی تھی اور دونوں کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔

انہوں نے اپنے برانڈ کی بنیاد پاکستان میں رکھی تھی اور بعدازاں فنڈنگ کے لیے امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

ان کی کہانی ہیومنز آف نیویارک نامی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے شیئر کی تھی جس سے ان کے برانڈ کو زیادہ توجہ ملی تھی۔

ایٹمز کے جوتے کافی مہنگے ہیں اور ان کے ایک جوڑے کی قیمت 129 ڈالر ہے، ان کی ویب سائٹ کے مطابق وہ پاکستان میں بھی شو ڈیلیور کرتے ہیں جس پر مزید 18 ڈالر کی کسٹم ڈیوٹیز لاگو ہوتی ہیں۔

’بوائے فرینڈ‘ کو اتنی اہمیت نہ دیں کہ آپ کی اہمیت کم ہوجائے، اشنیٰ شاہ

سجل علی کی پہلی ہولی وڈ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی؟

ریما نے 17 دن بعد کورونا ویکسین کا دوسرا ڈوز لگوالیا