کھیل

دوسرا ٹی20: پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست، سیریز 1-1 سے برابر

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 145 رنز کا ہدف جو مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ نے ڈیوین پریٹوریس کی عمدہ باؤلنگ اور بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں باآسانی 6وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا اور دوسرے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم صرف 5رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

حیدر علی نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر اسکور کو 36 تک پہنچایا جس کے بعد ان کی 10رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جبکہ حسین طلعت پھر ناکامی سے دوچار ہو کر تین رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے رضوان نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 41 گیندوں پر 41 رنز بنائے البتہ دوسرے اینڈ سے افتخار نے سست روی ست سے بیٹنگ کی اور انہوں نے 20 رنز بنانے کے لیے 21 گیندوں کا سامنا کیا۔

قومی ٹیم سنچری مکمل ہونے سے کچھ دیر قبل رضوان کی خدمات سے بھی محروم ہو گئی جو 41 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

خوشدل شاہ اور فہیم اشرف نے اسکور لو 126 تک پہنچایا جس کے بعد 18 گیندوں پر 15 رنز بنانے والے خوشدل ڈیوین پریٹوریس کی وکٹ بن گئے اور پھر جنوبی افریقی باؤلر نے نواز کو آؤٹ کر کے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔

فہیم اشرف نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا اور 12 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 30رنز بنائے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، پریٹوریس پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو کامیابی دلاتے ہوئے جینمین ملان کو چلتا کردیا۔

پاکستان کو دوسری کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور شاہین نے جے جے اسمٹس کو آؤٹ کر کے 21 رنز پر جنوبی افریقہ کو دوسرا نقصان پہنچا۔

اس موقع پر ریزا ہینڈرکس کا ساتھ دینے پائٹ وین بلجون آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 53 گیندوں پر 77 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

98 کے مجموعی اسکور پر 42 رنز بنانے واکے ہینڈرکس کی اننگز کا خاتمہ جبکہ کچھ ہی دیر بعد بلجون بھی 42 ہی رنز بنا کر نواز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی می میں واپسی کی موہوم سی امید پیدا ہوئی لیکن ڈیوڈ ملر اور ہنری کلاسن نے مزید کسی نقصان کے بغیر ہی اپنی ٹیم کو 22 گیندوں قبل ہدف تک رسائی دلا دی، دونوں نے بالترتیب 25 اور 17 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ نے میچ میں 6 وکتوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ہی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن ٹی20 میچ کل کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نےدوسرے ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بابر اعظم نے کہا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، کوشش ہو گی کہ جتنی ہو سکے پارٹنرشپ لگائیں اور اسکور بورڈ پر اچھا مجموعہ سجائیں۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا۔

دوسری جانب مہمان ٹیم نے اپنی فائنل الیون میں کچھ تبدیلیاں کیں اور گلینٹن اسٹورمن کو ڈیبیو کرایا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی20 میچ میں شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

جنوبی افریقہ: ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے جے اسمٹس، پائٹ وین بلجون، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، ایندائل فلکوایو، گلینٹن اسٹورمین، لوتھو سیپاملا، تبریز شمسی۔

نمبر ون وکٹ کیپر کون؟ محمد حفیظ کی ٹوئٹ پر سرفراز برہم

پانچ سیکنڈ کی ویڈیو سے مشہور ہونے والی ’پاوری‘ گرل کون ہیں؟

نادیہ خان کے شوہر کی سابق اہلیہ کا دعویٰ کرنے والی خاتون سامنے آگئیں