بولی وڈ فلم ساز علی عباس ظفر نے شادی کرلی
'سلطان، بھارت، ٹائیگر زندہ ہے، غنڈے اور میرے برادر کی دلہن' جیسی فلموں کے ہدایت کار 38 سالہ علی عباس ظفر نے خاموشی سے شادی کرلی۔
علی عباس ظفر کو بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کی فلموں کی ہدایت کاری کے لیے پہچانا جانا ہے، انہوں نے سلمان خان کی سلطان، بھارت اور ٹائیگر زندہ ہے جیسی فلموں کی ہدایت کاری دی۔
علی عباس ظفر نے پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی بولی وڈ فلم 'میرے برادر کی دلہن' کی بھی ہدایات دیں، جس میں کترینہ کیف اور عمران خان بھی دکھائی دیے تھے۔
علی ظفر کو بھارتی فلم انڈسٹری میں 2011 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم 'میرے برادر کی دلہن' کی وجہ سے ہی شہرت ملی تھی۔
فلم ساز علی عباس ظفر نے 4 جنوری کو انسٹاگرام پر اہلیہ کے ساتھ ہاتھوں کی تصاویر شیئر کی تھی، جس پر انہیں شوبز شخصیات نے مبارک باد پیش کی تھی۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق علی عباس ظفر نے کورونا کے باعث محدود پیمانے پر قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں شادی کی۔
فلم ساز کی جانب سے شادی کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی، جب کہ مداحوں نے ان کی تصویر پر کمنٹس کیے کہ فلم ساز نے خود تو شادی کرلی مگر اپنے ہیرو سلمان خان کو تاحال کنوارہ رکھا ہے۔
علی عباس ظفر کی جانب سے شادی کی اطلاع دیے جانے مگر اہلیہ کی تصویر شیئر نہ کیے جانے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے 5 جنوری کو اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
علی عباس ظفر نے 5 جنوری کو ٹوئٹر و انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ وہ جب بھی اہلیہ علیشیا کو دیکھتے ہیں تو ان کی ساری پریشانیاں ختم ہوجاتی ہیں۔
علی عباس ظفر کی جانب سے اہلیہ کے ساتھ رومانوی تصویر شیئر کیے جانے پر بھی اہم شوبز شخصیات نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد پیش کی۔