کھیل

بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر، رضوان ہی قیادت کریں گے

بابر اعظم کی انجری کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ٹیم منیجمنٹ نے کوئی بھی خطرہ مول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے اور محمد رضوان ہی کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نیوزی لینڈ پہنچنے پر انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور ٹی20 سیریز کے بعد پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی ایوارڈ کا میلہ رضوان اور بابر اعظم نے لوٹ لیا

کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابراعظم نے گزشتہ روز مکمل نیٹ سیشن کیا تاہم نیٹ کے دوران انہوں نے اپنے ہاتھ کے انگوٹھے میں ہلکا درد محسوس کیا۔

دو جنوری کو کرائسٹ چرچ میں بارش کے باعث بابر اعظم قومی ٹیم کے نیٹ سیشن کے دوران بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکے لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے کوئی بھی خطرہ مول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بابر اعظم کی غیرموجودگی میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہی قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

قومی ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی انجری میں واضح بہتری آئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ نیٹ سیشن میں حصہ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق برطانوی امپائرز کا کرکٹ بورڈ کے خلاف مبینہ نسلی امتیاز پر مقدمہ

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد رضوان (کپتان)، سرفراز احمد، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، ظفر گوہر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف۔

مزید پڑھیں: فواد عالم کی سنچری کے باوجود پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست

واضح رہے کہ امام الحق اور شاداب خان بھی انجری کا شکار ہو کر سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

آل راونڈر ویگنر بھی سیریز سے باہر

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر نیل ویگنر بھی انجری کے سبب دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہرہ ہو گئے ہیں۔

ویگنر بیٹنگ کے دوران پیر پر گیند لگنے سے زخمیئ ہوئے تھے اور ان کے پیر میں دو فریکچر کا انکشاف ہوا تھا۔

لیکن تکلیف اور فریکچر کے باوجود انہوں نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور فواد عالم سمیت اہم وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیوی فاسٹ باؤلر جیمیسن پر فہیم اشرف کی طرف گیند پھینکنے پر جرمانہ

ویگنر اب نہ صرف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں بلکہ اگلے پانچ سے چھ ہفتے کرکٹ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

نیوزی لینڈ نے ویگنر کی جگہ فاسٹ باؤلر میٹ ہنری کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا اور نیوزی لینڈ کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔