جیمز بونڈ سیریز کی فلمیں اب یوٹیوب پر مفت دستیاب
جیمز بونڈ ایسا نام ہے جس کا علم لگ بھگ ہر ایک کو ہے اور اب تک اس سیریز کی 24 فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں۔
ڈبل او سیون فرنچائز کا آغاز سین کونری کی فلم ڈاکٹر نو سے ہوا تھا اور آخری فلم 2015 میں اسپیکٹر کے نام سے ریلیز ہوئی تھی۔
مگر کیا آپ نے اس سیریز کی سب فلمیں دیکھی ہیں؟ اگر نہیں تو اب آپ مفت دیکھ سکتے ہیں۔
جی ہاں اگر آپ جیمز بونڈ سیریز کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں تو اب آپ یوٹیوب پر لگ بھگ سب فلموں کو دیکھ سکتے ہیں۔
بس ڈینئیل گریک کی 4 فلمیں اس آفر میں شامل نہیں۔
جیمز بونڈ سیریز کے اسٹوڈیو ایم جی ایم کے یوٹیوب پیج میں یہ آفر کی جارہی ہے اور مداح سین کونری، روجر مور، جارج لیزینبی، پائرس برونسن میں سے فیصلہ کرسکتے ہیں کون سب سے بہترین یا بدترین جیمز بونڈ رہا۔
مجموعی طور پر یہ کردار 6 مختلف اداکاروں نے ادا کیا اور پہلی فلم 1962 میں ڈاکٹر نو کے نام سے ریلیز ہوئی تھی۔
اس سیریز کی نئی فلم نو ٹائم ٹو ڈائی رواں سال ریلیز ہونا تھی مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث کئی بار التوا کا شکار ہوکر اب اپریل 2021 میں سنیماگھروں کی زینت بنے گی۔
واضح رہے کہ اس سیریز کی تیسری فلم گولڈ فنگر (1964) کو فرنچائز کی سب سے بہترین فلم سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کا فیصلہ تو آپ خود کرسکتے ہیں۔